ٹیم کی شرمناک شکست پر سابق کرکٹرز چراغ پا

40رنزسے کام نہیں چلے گا(وسیم )یونس چھلانگیں مارکرکھیل رہے ہیں، شعیب اختر

40رنزسے کام نہیں چلے گا(وسیم )یونس چھلانگیں مارکرکھیل رہے ہیں، شعیب اختر فوٹو: فائل

KARACHI:
اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کی شرمناک شکست نے سابق ٹیسٹ کرکٹرز کو چراغ پا کر دیا، میڈیا سے بات چیت میں ماضی کے عظیم فاسٹ بولر وسیم اکرم نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے کھلاڑی40 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہو جاتے ہیں.


ہمارے پاس اب 2 ہی فاسٹ بولر عمران خان اور سہیل خان باقی رہ گئے ہیں، دیکھتے ہیں اس حوالے سے ٹیم مینجمنٹ کیا سوچتی اور اگلے ٹیسٹ میں کن کھلاڑیوں کو کھلاتی ہے، شعیب اختر نے کہا کہ لارڈز ٹیسٹ جیتنے کے بعد قوم یہ توقع کر رہی تھی کہ گرین کیپس دوسرے ٹیسٹ میں بھی اچھا پرفارم کریں گے لیکن ہماری بیٹنگ مایوس کن رہی، ٹیم کے ساتھ المیہ یہ ہے کہ زیادہ تر کھلاڑی دبئی اور شارجہ کی وکٹوں پر کھیلتے ہیں،آسٹریلیا اور انگلینڈ جیسے ممالک میں انھیں 4، 4 سال کے بعد ہی کھیلنے کے مواقع میسر آتے ہیں جس کی وجہ سے عمدہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو پاتے۔

یونس خان ٹیم کے تجربہ کار کھلاڑی اور100 سے زائد ٹیسٹ میں حصہ لے چکے لیکن پھر بھی چھلانگیں مار کر کھیل رہے ہیں،سابق لیگ اسپنر عبدالقادر نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ کے دوران ہم اچھی بولنگ کرسکے اور نہ ہی بیٹنگ جبکہ انگلش ٹیم نے لارڈز ٹیسٹ کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر میچ اپنے نام کیا۔ شعیب محمد نے کہا کہ پروفیشنل ٹیم کی سب سے بڑی خوبی یہ ہوتی ہے کہ اس کی کارکردگی میں تسلسل رہتا ہے، بدقسمتی سے ہماری ٹیم کے ساتھ ایسا نہیں ہے۔
Load Next Story