بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ میں مزید تبدیلیوں کا اشارہ دیدیا

کھیل میں بہتری کے اہداف حاصل کرنے تک تجربات جاری رکھنا ہونگے، میانداد

ریجنل وڈپارٹمنٹل ٹیموں کو الگ کرنے کا مقصد مقابلے کی فضا کو پروان چڑھانا ہے، ڈائریکٹر جنرل پی سی بی فوٹو: فائل

پی سی بی کے ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد نے ڈومیسٹک کرکٹ میں مزید تبدیلیوں کا اشارہ دیدیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دو سیزن میں قائد اعظم ٹرافی کے مقابلے ریجنز کی13اور 9 ڈپارٹمنٹل ٹیموں پر مشتمل تھے،رواں سال ریجنل اور ڈپارٹمنٹل سائیڈزکے الگ الگ ٹورنامنٹس کرانے کا تجربہ کیا گیا،پریذیڈنٹ ٹرافی کے میچز میں مسابقتی کرکٹ دیکھنے میں آئی، اب جاوید میانداد مزید تجربات کرنے میں بھی کوئی عذر محسوس نہیں کرتے، ان کا کہنا ہے کہ ہر ملک اپنے وسائل کے مطابق سسٹم بناتا ہے، بڑی آبادی والا ملک بھارت بھی اپنی ڈومیسٹک کرکٹ سے ورلڈ کلاس کھلاڑی سامنے لانے میں مشکلات کا شکار نظر آتا ہے، کوئی بھی نظام ایک ہی کوشش میں مکمل اور مؤثر نہیں ہو جاتا، جب تک مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہوں کوئی چیز حتمی نہیں کہی جاسکتی۔




کرکٹ میں تو ویسے ہی چانسز لینا پڑتے ہیں، ہمارا موجودہ فارمیٹ بھی ایک ٹرائل ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریجنل اور ڈپارٹمنٹس کی ٹیموں کو الگ کرنے کا مقصد مقابلے کی فضا کو پروان چڑھاناہے، برابر کی قوت اور صلاحیت رکھنے والی سائیڈز کے مابین ہی مسابقتی کرکٹ دیکھنے کو مل سکتی ہے، ماضی میں زیادہ تر اچھے کھلاڑی تنخواہوں اور مراعات کی وجہ سے مختلف اداروں سے وابستہ ہوتے جبکہ علاقائی ٹیمیں پیچھے رہ جاتیں،اسی مسئلے کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا جسے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی جانب سے پذیرائی بھی حاصل ہوئی۔

تاہم آئندہ سال مختلف اسٹرکچر بھی دیکھنے میں آسکتا ہے، میں پھرکہوں گا کہ کرکٹ میں بہتری کے اہداف حاصل کرنے تک ایسے تجربات جاری رکھنا ہونگے۔بورڈ کے ڈی جی نے کہا کہ ہمارے کچھ نان ٹیکنیکل لوگوں نے کرکٹ کو بڑا حساس مسئلہ بنا دیا ہے، وقت گزرنے کے ساتھ حالات اور مسائل کے مطابق قوانین میں تبدیلی کی گنجائش ہمیشہ موجود رہتی ہے، ہمارے وسائل اور مشکلات بھی مختلف ہیں، کچھ لوگوں کی آراء بظاہر تو بڑی اچھی محسوس ہوتی ہیں مگر ہمارے سسٹم میں ان پر عمل کرنا ممکن نہیں۔
Load Next Story