مہمند شبقدر لنڈی کوتل میں دھماکے 3ہلاک متعدد زخمی

صافی میں پک اپ بارودی سرنگ سے ٹکراگئی،2بھائی نشانہ بنے،لنڈی کوتل میں 5اہلکارزخمی،گاڑی تباہ،باڑہ سے 2لاشیں برآمد.

شبقدرمیں دھماکے سے رکشہ ڈرائیور ہلاک،مولاناعبیدکے قتل کے بعدگلگت میں سکیورٹی سخت، ہزاروں افراد کا احتجاجی مظاہرہ. فوٹو : فائل

مہمندایجنسی کی تحصیل صافی کے علاقے چمرکنڈ میں پک اپ بارودی سرنگ سے ٹکراکر تباہ ہوگئی جس کے نتیجے میں 2 بھائی جاں بحق جبکہ باپ بیٹے سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔

جمعے کی صبح پک اپ سواریوں کو لے کر چمرکنڈ لوئر سے مامد گٹ آرہی تھی کہ بارودی سرنگ سے ٹکراگئی، ڈرائیور رحیم داد اور اس کا بھائی کنڈیکٹر رحمت خان موقع پر جاں بحق ہوگئے، زخمیوں کو پشاور منتقل کردیا گیا۔ پشاور کے نواحی علاقہ بڈھ بیر میں انقلاب روڈ پر بم دھماکہ سے پولیس کی موبائل وین کو جزوی نقصان پہنچا تاہم اہلکار محفوظ رہے۔

خیبر ایجنسی میں خاصہ دار فورس کے لائن آفیسر عباس علی شنواری پاک افغان شاہراہ پر گشت کررہے تھے، ان کی گاڑی جونہی شیخ وال کے قریب پہنچی تو ریموٹ کنٹرول دھماکہ کیا گیا تاہم لائن آفیسر اور دیگر اہلکار محفوظ رہے، واقعہ کے بعد جب خاصہ دار فورس کے اہلکار جائے وقوعہ کا معائنہ کررہے تھے تو اس دوران دوسرا دھماکہ ہوگیا جس سے 5 اہلکار زخمی ہوگئے ، دھماکے سے ایک گاڑی بھی تباہ ہوگئی، ایک زخمی کو تشویشناک حالت کے پیش نظر پشاور منتقل کردیا گیا، عبداللہ عزام بریگیڈ نے دونوں دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے اور نیٹو آئل کنٹینرز اور ان کو سکیورٹی فراہم کرنیوالوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔




؎شبقدر میں کچرے میں نصب بارودی مواد پھٹنے سے رکشہ ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔ باجوڑایجنسی کے علاقہ کمانگرہ میں سڑک کنارے ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں 3 افراد زخمی ہوگئے ۔ نوشہرہ کے علاقہ جہانگیرہ میں ٹائم بم ناکارہ بناکر سی ڈی مارکیٹ کو تباہ ہونے سے بچالیا گیا۔ پشاور سے جنرل رپورٹر کے مطابق باڑہ کے علاقہ اکاخیل سے گزشتہ سال لاپتہ ہونیوالے ماموں اور بھانجے کی لاشیں برآمد ہوگئیں، امجد اور سعید کی لاشیں برساتی نالہ سے ملیں، ورثاء نے پشاور پریس کلب کے سامنے لاشیں رکھ کر احتجاج کیا۔

متھرا سے ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی ہے۔ اے پی پی کے مطابق کوہاٹ سے اورکزئی قیدی لانے والی گاڑی کو حادثہ میں 5 لیوی اہلکاروں اور ایک قیدی سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔ دریں اثناء آئی این پی کے مطابق گلگت میں جے یوآئی آئی کے رہنما اور عالم دین مولانا عبید الرحمان کو قتل کر دیا گیا ۔



واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور شہر کی دکانیں اور مارکیٹیں بند کر دی گئیں ، انتظامیہ نے شہر میں پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کر دی، پولیس ذرائع کے مطابق ڈومیال محلے سے 4مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ مولانا عبیدالرحمان کے قتل کیخلاف نماز جمعہ کے بعد ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا، بعدازاں مقتول کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔
Load Next Story