امریکا میں گرم ہوا کا غبارہ حادثے کا شکار،16 افراد ہلاک

ٹیکساس: امریکی ریاست ٹیکساس میں گرم ہوا کا غبارہ آگ لگنے کے باعث پھٹ گیا جس سے اس میں سوار 16 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس میں گرم ہوا کے غبارے میں دوران پرواز فضا میں آگ لگ گئی جس کے باعث غبارہ پھٹنے کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق حادثے میں ابھی تک کسی کے بچنے کی کوئی اطلاع نہیں ملی اور غبارہ میں کتنے افراد سوار تھے اس حوالے سے بھی کوئی تفصیلات بھی سامنے نہیں آسکیں جب کہ ہلاک افراد کی شناخت کی جارہی ہے۔

دوسری جانب ٹیکساس کے گورنر نے حادثے میں مارے جانے والے افراد کے لواحقین سے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔