گزشتہ ہفتے اسٹاک مارکیٹ میں انڈیکس39529کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بھی 7 ہزار825 ارب روپے سے بڑھ کر7 ہزار887 ارب روپے تک پہنچ گیا

مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بھی 7 ہزار825 ارب روپے سے بڑھ کر7 ہزار887 ارب روپے تک پہنچ گیا فوٹو : اے ایف پی / فائل

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے بھی ریکارڈ بننے کا سلسلہ جاری رہا اورملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس39529 پوائنٹس کی بلندترین سطح پر پہنچ گیا۔ ہفتے وار کاروبار کے دوران انرجی سیکٹر دباؤ کا شکار رہا۔

پی او ایل، پی پی ایل اور اوجی ڈی سی ایل کے شیئرزکی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی لیکن اس کے برعکس سیمنٹ اور بینکنگ سیکٹر کے بعض حصص کاروبار پر چھائے رہے جس میں شعبہ جاتی بنیادوں پرسرمایہ کاری رحجان میں اضافہ ہوا۔ مانیٹری پالیسی اعلان، آئی ایم ایف سے مذاکرات اور ایل این جی پائپ لائن منصوبے پر روس سے مذاکرات کی خبریں مارکیٹ کے لیے مثبت رہیں۔ بعض کاروباری سیشنز دباؤ اور اتارچڑھاؤ کا بھی شکار رہے لیکن ریکارڈ بننے کا سلسلہ نہ رک سکا اور ہفتہ وار بنیادوں پرکے ایس ای100 انڈیکس مجموعی طور پر377 پوائنٹس کے اضافے سے39529 پوائنٹس پر بند ہوا۔ گزشتہ ہفتے کاروباری سرگرمیوں کا یومیہ حجم 18 کروڑ 28 لاکھ شیئرز رہا جو کہ پیوستہ ہفتے میں20 کروڑ71 لاکھ تھا۔


مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بھی 7 ہزار825 ارب روپے سے بڑھ کر7 ہزار887 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ گزشتہ ہفتے کے دوران مارکیٹ کاروبار کے پہلے روز مارکیٹ پر مندی کے اثرات غالب رہے اور انڈیکس میں 134.46 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی تاہم چارروزہ تیزی کے سبب انڈیکس 511.50 پوائنٹس بڑھ گیا۔ گزشتہ ہفتے خریداری کے باعث کاروباری تیزی کے ساتھ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 39716 پوائنٹس کی بلندترین سطح پر بھی دیکھا گیا جبکہ مندی کا رجحان غالب آنے سے ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 38996 کم ترین سطح پربھی آگیا تھا۔

ہفتہ واررپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے انڈیکس 39400، 39300، 39200 اور 39500 پوائنٹس کی چاربالائی حدیں عبور کرنے میں کامیاب ہوا اور ایک ہفتے میں 100 انڈیکس میں 377.04 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے کے ایس ای100انڈیکس39151.78پوائنٹس کے بڑھ کر39529پوائنٹس پرجاپہنچا۔ اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس122.70پوائنٹس کے اضافے سے 22742.99پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 26103.07 پوآئنٹس سے بڑھ کر 26316.43 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میںپاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ سے 22 کروڑ 42 لاکھ 50 ہزارحصص کے سودے ہوئے اور ٹریڈنگ ویلیو 13 ارب روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ کم سے کم کاروباری لین دین 14 کروڑ 54 لاکھ 35 ہزار حصص رہا اور ٹریڈنگ ویلیو7ارب روپے تک محدودرہی۔ گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میںمجموعی طور پر 1734 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 769 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 861 میں کمی اور 104 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

کاروبار کے لحاظ سے بائیکوپٹرولیم، ایگری ٹیک لمیٹڈ، پاک ریفائنری، ٹی آرجی پاک لمیٹڈ، پاک الیکٹرون، پاک انٹرنیشنل بلک، دیوان سیمنٹ، سوئی ناردرن گیس کمپنی، دیوان موٹرز، سوئی سدرن گیس کمپنی، پی ٹی سی ایل، کے الیکٹرک لمیٹڈ اورسلک بینک سرفہرست رہے۔
Load Next Story