تجاوزات کیخلاف آپریشن پتھراؤ سے تھانیدار سمیت2افراد زخمی

نبی بخش کے علاقے ڈولی کھاتہ میں دوران آپریشن مکینوں کا احتجاج، لاٹھی چارج کے بعد مشتعل افرادمنتشر، جگہ خالی کرائی گئی.

ڈولی کھاتہ میں مشتعل افراد تجاوزات کو مسمار کرنے کے لیے لائے جانیوالے بلڈوزر پرپتھرائو کررہے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

نبی بخش تھانے کے علاقے ڈولی کھاتہ کے قریب غیر قانونی تجاوز ات کیخلاف کیے جانے والے آپریشن کے دوران مشتعل افراد کے پتھرائو سے ایس ایچ او نبی بخش سمیت 2افراد معمولی زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق بنی بخش تھانے کے علاقے مسجد گلزار حبیب کے قریب واقع ڈولی کھاتہ کے علاقے میں غیر قانون تجاوزات کے خلاف آپریشن کر کے جگہ خالی کرائی گئی ہے، تجاوزات کے خلاف کیے جانیوالے آپریشن کیخلاف علاقہ مکینوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا اور اسی دوران مشتعل افراد کی جانب سے پولیس پر پتھرائو بھی کیا گیا جس کے نتیجے میںایس ایچ او نبی بخش عابد حسین اور ایک راہ گیر پتھر لگنے سے معمولی زخمی ہو گئے، پولیس نے لاٹھی چارج کر کے مشتعل افراد کو منتشر کردیا ۔




ڈویژن افسر اقبال دھارا نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ قابض افراد سے خالی کرائی جانے والی جگہ کنٹو نمنٹ بورڈ کی ملکیت ہے جس پر ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے3سے4خاندان رہائش پذیر تھے، انھوں نے بتایا کہ قابض افراد نے کنٹونمنٹ بورڈ کے خلاف سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا تھااور طویل عرصے سے مقدمہ سندھ ہائی کورٹ میں زیر سماعت تھا اور عدالت نے کنٹونمنٹ بورڈ کے حق میں فیصلہ دیدیا اور عدالت کے ہی حکم پر غیر قانونی تجاویزات کے خلاف ملٹری اسٹیٹ آفس کے عملے کے ہمراہ آپریشن کیا گیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ جب تجاوزات ہٹائی جا رہی تھیں تو اس دوران پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی اور آپریشن کے اختتام کے بعد جیسے ہی اس مقام سے پولیس نفری ہٹائی گئی تو قابض افراد کی جانب سے احتجاج شروع کردیا گیا اور ہجوم میں موجود کچھ مشتعل نے پولیس پر پتھرائو کردیا۔



ڈویژن پولیس افسر ایس پی اقبال دھارا نے بتایا کہ جس مقام پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا وہاں کوئی مندر موجود نہیں تھا تاہم ہندو مذہب کے لوگوں نے اپنے اپنے گھروں میں عبادت گاہیں بنائی ہوئی تھیں۔
Load Next Story