معذورافرادکو اسمبلیوں میں نمائندگی دی جائے جاوید رئیس

ڈس ایبلڈ پرسن تنظیموں کی سپورٹ کیلیے پروگرام تشکیل دیے جائیں،پریس کانفرنس.

3دسمبر کو معذوروں کے عالی دن کے موقع پر پریس کلب سے واک کا انعقاد کریں گے

ڈس ایبلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر جاوید رئیس نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اقلیتوں اورخواتین کی طرح معذورین کوپسماندگی کی بنیاد پر سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں نمائندگی دی جائے اور ڈس ایبلڈ پرسن تنظیموں کی سپورٹ کے لیے پروگرام تشکیل دیے جائیں تاکہ معذورین بہتر طریقے سے زندگی گزار سکیں۔

وہ ہفتہ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر لال محمد، کامران احمد خان، شکیل خان، علیم، عابد، نعمان، عبدالرشید و دیگر بھی موجود تھے، انھوں نے کہا کہ3دسمبر کو دنیا بھر میں معذورین کا عالمی دن منایا جاتا ہے اور ہم بھی 3 دسمبر کو مختلف انداز میں یہ دن مناتے ہیں تاہم پاکستان میں معذوروں کا عالمی دن بنیادی سہولتوں اور حقوق کی عدم فراہمی کی وجہ سے احتجاج اور مطالبات کا سمبل بن جاتا ہے۔




لہٰذا ضروری ہے کہ معذورین کو حقوق دینے کے لیے اقوام متحدہ کے کنونشن میں معذورین کے جو حقوق تسلیم کیے گئے ہیں ان پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے، انھوں نے کہا کہ دسمبر 2008ء میں وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ کی جانب سے معذورین ایسوسی ایشن کے لیے ایک پلاٹ اور پانچ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن بدقسمتی سے ہمارے مسلسل رابطوں کے باوجود اس پر عمل نہیں ہوسکا لہذا ہم صدر مملکت اور وزیر اعظم سے یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ اس پر فی الفور عملدرآمد کیا جائے۔



اس کے علاوہ کراچی سمیت ہر شہر میں انڈیپنڈنٹ لیونگ سینٹر قائم کیے جائیں تاکہ معذورین اس سے استفادہ حاصل کرکے ایک فعال شہری کا کردار ادا کرسکیں، انھوں نے کہا کہ 90 فیصد جسمانی معذور افراد بستر پر اپنی موت کا انتظار کررہے ہیں جس کے لیے ضروری ہے کہ ان پر فوری توجہ دی جائے۔

ان کا وظیفہ مقرر کیا جائے اور اس سلسلے میں وفاق اور صوبائی حکومتیں فنڈ مختص کرے، انھوں نے کہا کہ ہم معذورین کے عالمی دن کے موقع پر3دسمبر کو واک کریں گے جو کراچی پریس کلب سے شروع ہوکر اسمبلی بلڈنگ تک اختتام پذیر ہوگی۔
Load Next Story