رہنمائوں کا خون بہاکر قاتلوں نے اپنی قبرکھودی ہے شمشاد غوری

ظفرقائمخانی،علیم احمد اور عبدالقادر جیلانی کے سوئم میں عہدیدار وں اور کارکنان کی شرکت.

مرحومین کے لیے دعائے مغفرت اورلواحقین کے صبر جمیل کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں. فوٹو: فائل

مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے وائس چیئرمین ظفرقائم خانی، مرکزی سیکریٹری اطلاعات علیم احمد خان اور رکن سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی عبدالقادر جیلانی کی فاتحہ سوئم عارضی بیت الحمزہ پر ہوئی۔

جس میں وائس چیئرمین شمشاد خان غوری سمیت اراکین مرکزی کمیٹی ،سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی،کراچی آرگنائزنگ کمیٹی ،سیکٹر و یونٹ کے ذمے داران و کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مرحومین کیلیے دعائے مغفرت اورلواحقین کے صبر جمیل کیلیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔




فاتحہ سوئم کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں شمشاد خان غوری نے کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ کے رہنمائوں کی بہیمانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث حکومتی اتحادی جماعت کی سرگرمیاں روکنے اور سفاک قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلیے حکمت عملی ترتیب دے لی ہے ،کارکنان صبر کا دامن تھامے رکھیں اور مرکز سے ملنے والی ہدایات پر عمل کریں۔



انھوں نے کہا کہ مہاجر رہنمائوں کا خون سرعام بہاکر حکومتی حلیف جماعت کے ٹارگٹ کلرز اور انکے کرتا دھرتائوں نے اپنی قبرکھود لی ہے لیکن مہاجر قومی موومنٹ ان کا مقابلہ جمہوری طریقے سے کرے گی اور انھیں ایسا کوئی موقع نہیں دے گی کہ جسے جواز بنا کر شہر میں قتل غارت گری میں اضافہ اور ملک دشمن سازش کو کامیاب بنایا جاسکے۔
Load Next Story