دہری شہریت 4صوبائی وزرا سمیت 6ارکان سندھ اسمبلی مستعفی

رضاہارون،معیدصدیقی،محمدعلی شاہ،عسکری تقوی،صادق میمن اورمرادعلیشاہ شامل ہیں،مستعفی ارکان دہری شہریت کے حامل ہیں،ذرائع

صوبائی اسمبلی سیکریٹریٹ نے وزرااورارکان کے استعفے منظورکرنیکی تصدیق کردی،دہری شہریت پر الیکشن کمیشن کااجلاس کل ہوگا۔ ۔فوٹو: فائل

سندھ اسمبلی سے تعلق رکھنے والے 4 وزرا اور 2 ارکان نے صوبائی اسمبلی کی رکنیت سے استعفے دیدیے ہیں۔

ایم کیوایم سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزرا رضا ہارون، ڈاکٹر محمدعلی شاہ اورارکان صوبائی اسمبلی عسکری تقوی،معیدصدیقی اور پیپلز پارٹی کے صوبائی وزرامرادعلی شاہ اورصادق میمن نے ذاتی وجوہات کی بناپراستعفا دیدیاہے،اسمبلی کی معیادختم ہونے میں120دن سے کم وقت رہ جانے کے باعث ان نشستوں پرضمنی انتخابات منعقدنہیں ہونگے۔

ذرائع کے مطابق چاروں وزرااور ارکان صوبائی اسمبلی دہری شہریت کے حامل ہیں جس کے باعث انھوں نے صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر میں دہری شہریت کے حوالے سے حلف نامے جمع نہیں کرائے،بعض وزرانے ان غیرممالک جہاںکی وہ شہریت رکھتے ہیں وہاں سے جعلی تصدیق نامے حاصل کرنے کی کوشش کی تھی تاہم ناکام ہونے کی صورت میں اپنے استعفے ذاتی وجوہات بیان کرتے ہوئے جمع کرانے پرمجبور ہوگئے۔




واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر دہری شہریت کے حوالے سے حلف نامے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 نومبر تھی،سپریم کورٹ کے حکم نامے کی روشنی میں چندماہ قبل سندھ سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی فرحت محمدخان ، ڈاکٹر احمد علی شاہ،نادیہ گبول اور فرح اصفہانی دہری شہریت کے باعث نااہل قرار پاچکے۔صوبائی الیکشن کمشنر سونو خان بلوچ نے بتایاکہ چاروں وزرااور2 ارکان اسمبلی کے استعفوں کا نوٹیفکیشن سندھ اسمبلی نے الیکشن کمیشن کوبھجوادیاہے جس میں استعفوں کی وجہ ذاتی وجوہ بیان کی گئی ہے۔



آئی این پی کے مطابق الیکشن کمیشن کااہم اجلاس کل (پیرکو)چیف الیکشن کمشنرجسٹس(ر)فخرالدین جی ابراہیم کی زیرصدارت ہوگاجس میں منتخب ارکان کودہری شہریت کے حوالے سے حلف نامے جمع نہ کروانے والے ارکان کے مستقبل کافیصلہ کیاجائے گا۔واضح رہے کہ اب تک18ارکان نے حلف نامے جمع نہیںکرائے،پنجاب اوربلوچستان اسمبلی کے تمام ممبران نے اپنے حلف نامے جمع کرا دیے ہیں ۔

واضح رہے کہ فہرست میں شامل پی پی پی بلوچستان کے سابق صدرلشکری رئیسانی اورچوہدری تصدق مسعودخان پہلے ہی پارلیمنٹ کی رکنیت سے مستعفی ہوچکے ہیں۔دریں اثنا مستعفی ہونے والے سندھ کے 3 وزرا کی جگہ نئے وزرا آج گورنر ہاؤس میں حلف لیں گے۔ ذرائع کے مطابق حلف لینے والوں میں خواجہ اظہار الحسن سمیت دیگر شامل ہونگے۔

Recommended Stories

Load Next Story