غیرایشیائی کنڈیشنز میں حفیظ کا بیٹ رنز اگلنا بھول گیا

سمیع اسلم کیلیے دونوں اننگز میں ففٹی پلس اسکور کرنے والے کم عمر اوپنر کا اعزاز

سمیع اسلم کیلیے دونوں اننگز میں ففٹی پلس اسکور کرنے والے کم عمر اوپنر کا اعزاز۔ فوٹو: فائل

محمد حفیظ نے ایشیائی کنڈیشنز سے باہر ناکام ترین اوپنر کا ''اعزاز'' حاصل کر لیا، انھوں نے 20.09 کی اوسط سے رنز بنائے ہیں، سمیع اسلم کسی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں ففٹی اسکور کرنے والے کم عمر ترین پاکستانی اوپنرکا ریکارڈ اپنے نام کے آگے درج کرانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایجبسٹن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں صفر اور دوسری میں 2رنز بنا کر پاکستان ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کرنے والے محمد حفیظ غیر ایشیائی کنڈیشنز میں ناکام ترین اوپنر بن گئے ہیں، انہوں نے 20.09 کی اوسط سے رنز بنائے ہیں۔


دوسری جانب سمیع اسلم کسی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں ففٹی سکور کرنے والے کم عمر پاکستانی اوپنر کا ریکارڈ اپنے نام کے آگے درج کرانے میں کامیاب ہوئے ہیں، انھوں نے یہ کارنامہ 20سال 235دن کی عمر میں سرانجام دیا، مجموعی طور پر اس فہرست میں وہ پانچویں نمبر پر ہیں، آؤٹ آف فارم یونس خان پر انحصار بھی پاکستان ٹیم کو مہنگا پڑ رہا ہے، چوتھی اننگز میں 59.17 کی بہترین ایوریج کے ساتھ سرفہرست بیٹسمین کے طور پر پہچان بنانے والے سینئر کھلاڑی کی غیر ایشیائی کنڈیشنز میں اوسط بھی 41.71 ہے لیکن حالیہ دورۂ انگلینڈ میں ان کی ناکامیوں کا سلسلہ دراز ہوتا جا رہا ہے۔

ایجبسٹن میں 3 بار ٹیمیں 80اوورز کھیل کر میچ ڈرا کرنے میں کامیاب رہی ہیں، گرین کیپس کو تیسرا ٹیسٹ بچانے کیلیے 84 اوورز کھیلنا تھے لیکن بیٹسمینوں کی ہمت 70.05 اوورز میںجواب دے گئی، انگلینڈ نے اپنی تاریخ میں پہلی بار میچ کی پہلی اننگز میں 100سے زیادہ رنز کا خسارہ برداشت کرنے کے باوجود پاکستان کو شکست دی، میزبان ٹیم نے ایجبسٹن میں تیسری اننگز کھیلتے ہوئے گرین کیپس کے خلاف چوتھی بڑی برتری 342 حاصل کی، اس سے قبل 2004 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 478 رنز کی لیڈ نے فتح کا راستہ بنادیا تھا۔

 
Load Next Story