حصص مارکیٹ میں خریداری بڑھنے سے 187پوائنٹس کا اضافہ

عمومی سرمایہ کار سیاسی افق پرغیریقینی کیفیت کے سبب مارکیٹ سے تقریباً آؤٹ ہیں

کاروباری حجم پیر کی نسبت 10.91 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر22 کروڑ11 لاکھ83 ہزار320 حصص کے سودے ہوئے فوٹو: اے ایف پی/فائل

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں غیرملکیوں کی خریداری سرگرمیاں بڑھنے کے باعث منگل کو ایک بارپھر تیزی کی بڑی لہررونما ہوئی جس سے انڈیکس کی 39500 اور39600 پوائنٹس کی 2حدیں بیک وقت بحال ہوگئیں، تیزی کے سبب50.54 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید28 ارب76 کروڑ79 لاکھ75 ہزار853 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

ماہرین اسٹاک کا کہنا ہے کہ عمومی سرمایہ کار سیاسی افق پرغیریقینی کیفیت کے سبب مارکیٹ سے تقریباً آؤٹ ہیں لیکن غیرملکیوں کی سرگرمیوں کودیکھتے ہوئے سرمایہ کاری کے دیگر شعبے مارکیٹ میں متحرک ہیں جن کی خریداری سرگرمیوں کے سبب کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر260 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی39700 پوائنٹس کی حد بھی بحال ہوگئی لیکن فوری منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے کی وجہ سے اختتامی لمحات میں تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 187.25 پوائنٹس کے اضافے سے 39663.71 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس129.98 پوائنٹس بڑھ کر 22768.31، کے ایم آئی30 انڈیکس433.31 پوائنٹس کے اضافے سے69670.92 اور کے ایم آئی آل شیئر انڈیکس63.27 پوائنٹس بلند ہو کر 18400.03 ہوگیا۔


کاروباری حجم پیر کی نسبت 10.91 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر22 کروڑ11 لاکھ83 ہزار320 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار386 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں226 کے بھاؤ میں اضافہ، 142 کے داموں میں کمی اور18 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں آئس لینڈ ٹیکسٹائل کے بھاؤ 47.50 روپے بڑھ کر 997.50 روپے اور گندھارا انڈسٹری کے بھاؤ23.76 روپے بڑھ کر 499.06 روپے ہوگئے جبکہ رفحان میظ کے بھاؤ249.07 روپے کم ہوکر7450.93 روپے اور پاکستان ٹوبیکو کے بھاؤ15.81 روپے کم ہوکر1083 روپے ہوگئے۔

 
Load Next Story