صدر نے پختونخوالوکل گورنمنٹ ایکٹ کو پاٹا تک توسیع دیدی

غیر قانونی کاروبار اور جعلی پرائز بانڈز سے نمٹنے کیلیے کریمنل لاترمیمی بل بھی منظور

غیر قانونی کاروبار اور جعلی پرائز بانڈز سے نمٹنے کیلیے کریمنل لاترمیمی بل بھی منظور.فوٹو: فائل

صدر آصف علی زرداری نے آئین کے آرٹیکل 247 تین کے تحت خیبر پختونخوا لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2012 کا دائرہ صوبے کے زیر انتظام قبائلی علاقوں تک بڑھا دیا ہے۔

اس ایکٹ کے تحت صوبے کے زیرانتظام قبائلی علاقوں میں مقامی حکومتوں کے ادارے قائم کیے جاسکیں گے۔ صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق وزارت سیفران کی سمری کے مطابق خیبر پختونخوا کے محکمہ داخلہ و قبائلی امور نے گورنر کی منظوری سے خیبر پختونخوا لوکل گورنمنٹ ایکٹ کو صوبے کے زیر انتظام قبائلی علاقوں تک توسیع دینے کی تجویز بجھوائی تھی۔




وزارت سیفران نے وزیراعظم سے درخواست کی تھی کہ اس ایکٹ کے دائرہ کار کو توسیع دینے کے لیے صدر سے مسودہ نوٹیفکیشن کی منظوری کی سفارش کریں ۔ وزیراعظم کے مشورے پر صدر نے اس نوٹیفکیشن کی منظوری دے دی۔ دریں اثنا صدر زرداری نے وزیراعظم کے مشورے پر غیر قانونی کاروبار اور جعلی پرائز بانڈز سے نمٹنے کے لیے کریمنل لا ترمیمی بل 2012 کی منظوری دے دی ہے۔



قومی اسمبلی نے 11نومبر 2010 کو پہلی مرتبہ اس بل کو منظور کیا تھا جبکہ سینیٹ نے 3 مئی 2011 کو ترمیم کے ساتھ اس بل کو منظور کر کے واپس قومی اسمبلی کو بھجوا دیا تھا ۔ قومی اسمبلی نے 14 نومبر 2012 کو اس بل کو کسی ترمیم کے بغیر منظور کر لیا تھا۔ صدر مملکت نے انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن بل 2012 کی بھی منظوری دی ، بل کا مقصد انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن قائم کرنا ہے۔
Load Next Story