بین الاقوامی ان کمنگ کالز پھر سے سستی ہوگئیں

بیرون ملک سے آمدہ کالز آئی سی ایچ ایگریمنٹ کے تحت ہینڈل کرنے کا نوٹیفکیشن واپس

یکم اکتوبر سے بین الاقوامی ان کمنگ کالز کا ٹیرف 300 سے 800 فیصد تک بڑھا دیا گیا تھا۔ فوٹو: فائل

پی ٹی اے نے بیرون ملک سے آنے والی کالز کو انٹرنیشنل کلیئرنگ ہائوس ایکس چینج ایگری منٹ کے تحت پی ٹی سی ایل کے ذریعے ہینڈل کرنے کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔

یہ نوٹیفکیشن 25اگست 2012کو جاری کیا گیا تھا جس میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے پالیسی آرڈر نمبر 9-1/2002 مورخہ 13اگست 2012کے تحت لانگ ڈسٹینس انٹرنیشنل، فکسڈ لائن لوکل لوپس، وائر لیس لوکل لوپ اور موبائل آپریٹرز کو موصول ہونے والی انٹرنیشنل ان کمنگ کالز آئی سی ایچ ایگری منٹ کے تحت پی ٹی سی ایل کے ذریعے ہینڈل کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے تمام ایل ڈی آئی آپریٹرز کو بین الاقوامی ان کمنگ کالز کیلیے اپنے انٹرنیشنل سرکٹ معطل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے جس کے نتیجے میں بیرون ملک سے آنے والی کالز پر اضافی ٹیکس کا سامنا تھا اور یکم اکتوبر سے نفاذ سے انٹرنیشنل ان کمنگ کالز کا ٹیرف 300سے 800 فیصد تک بڑھ گیا تھا، مسابقتی کمیشن نے اس امر کو اجارہ داری قرار دیتے ہوئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو پالیسی آرڈر واپس لینے کی ہدایت کی تھی۔




تاہم وزارت آئی ٹی نے اس پر عمل درآمد سے انکار کردیا تھا مگر یہ فیصلہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا جس پر عدالت نے عبوری فیصلہ دیتے ہوئے وزارت سے جواب طلب کیا۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی اے نے 3دسمبر کو نوٹیفکیشن 04-01/12/(AP/CA/PTA کے ذریعے 25ستمبر کو جاری کردہ نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔
Load Next Story