دورۂ بھارت پاکستانی شائقین کو ایک ہی اسٹینڈ میں بٹھایا جائیگا

ہر گرائونڈ پر500، دہلی میں1ہزار نشستیں مختص ہوں گی، ہفتے تک طریقہ کار کا اعلان متوقع، پی سی بی کوٹکٹیں خریدنے کا مشورہ

جائزہ وفد کی چنئی میں صدر بھارتی کرکٹ بورڈ سے ملاقات، ارکان چدم برم اسٹیڈیم کا دورہ مکمل کر کے احمد آباد پہنچ گئے۔ فوٹو: فائل

بھارت جانے کے خواہشمند پاکستانی شائقین کیلیے ہفتہ8 دسمبر تک طریقہ کار کا اعلان متوقع ہے۔

ہر گرائونڈ پر500 جبکہ نئی دہلی میں 1 ہزار نشستیں مہمانوں کیلیے مختص ہوں گی، بی سی سی آئی کا انھیں ایک اسٹینڈ میں ساتھ بٹھانے کا ارادہ ہے،اس نے پی سی بی سے کہا ہے کہ وہ ٹکٹیں خرید کر خود فروخت کرے، گوکہ آن لائن کا آپشن پہلے خارج ازامکان قرار دیا گیا تھا تاہم اب اس پر بھی غور جاری ہے، دوسری جانب پاکستان کے جائزہ وفد نے گذشتہ روز چنئی میں صدر بھارتی بورڈ این سری نواسن سے ملاقات کر کے سیریز کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا، ارکان چدم برم اسٹیڈیم کا دورہ مکمل کر کے منگل کی شب احمد آباد پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم 5 برس بعد پہلے دورئہ بھارت کیلیے22 دسمبر کو بنگلور پہنچے گی، 2 ٹوئنٹی 20 اور 3 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز سے قبل ان دنوں چار رکنی وفد گرائونڈز و دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کیلیے پڑوسی ملک میں موجود ہے، پانچویں رکن وزارت داخلہ کے نمائندے فرحت لودھی نے نجی مصروفیات کی بنا پر عین وقت پر دورے سے معذرت کر لی تھی، پاکستانی وفد روزانہ کی بنیاد پر پی سی بی کے اعلیٰ حکام کو رپورٹ دے رہا ہے۔




نمائندہ''ایکسپریس'' کو ذرائع نے بتایا کہ میچز دیکھنے کیلیے بھارت جانے کے خواہشمند شائقین کیلیے ہفتے تک طریقہ کار کا اعلان کر دیا جائے گا، بنگلور، احمد آباد، چنئی اور کولکتہ میں500 ،500 جبکہ دہلی میں ایک ہزارافراد میچ دیکھنے کیلیے جا سکیں گے، بھارتی بورڈ نے پاکستانی آفیشلز کو آگاہ کر دیا کہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے اور شائقین پر باآسانی نظر رکھنے کیلیے انھیں الگ اسٹینڈز میں بٹھانے کا ارادہ ہے، بی سی سی آئی نے پی سی بی سے کہاکہ وہ منظور شدہ تعداد میں ٹکٹیں خرید کر خود شائقین کو فروخت کرے، اس کیلیے پاسپورٹ کی کاپی سمیت چند دیگر دستاویزات لازمی قرار دی جائیں گی،اس عمل کی نگرانی بھارتی ہائی کمیشن کا کوئی اہلکار بھی کر سکتا ہے۔

ابتدا میں بھارت پاکستانیوں کیلیے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت سے ہچکچا رہا تھا تاہم اب اس آپشن کے بارے میں بورڈ اپنی وزارت داخلہ سے بات کر رہا ہے، یاد رہے کہ بھارتی ویزے کیلیے ٹکٹ کی فوٹوکاپی ساتھ لگانا لازمی قرار دیا گیا ہے،اسی کے ساتھ بھارتی بورڈ اپنے منظور شدہ ہوٹلز کی فہرست بھی پاکستان کو ارسال کرے گا، شائقین کو پہلے ہی وہاں کی بکنگ کرانا ہوگی، پی سی بی اس بات پر غور کر رہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ افراد کی بھارت روانگی ممکن بنانے کیلیے ہر میچ کی ٹکٹیں الگ لوگوں کو فروخت کی جائیں، یہ تمام معاملات جائزہ وفد کی ہفتے کے روز وطن واپسی کے بعد ہی طے ہوں گے۔

دریں اثنا پاکستانی وفد نے منگل کو چنئی کے ایم اے چدم برم اسٹیڈیم کا دورہ کیا، وہاں30 دسمبر کو سیریز کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل کھیلا جائے گا، ارکان نے مقامی انتظامیہ و پولیس حکام سے ملاقات کر کے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کے بارے میں تفصیلات معلوم کیں، وفد کی صدر بھارتی بورڈ این سری نواسن سے بھی ملاقات ہوئی جس میں سیریز کے حوالے سے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، بعدازاں رات گئے ارکان احمد آباد پہنچ گئے جہاں بدھ کو سردار پٹیل اسٹیڈیم کا دورہ طے ہے۔
Load Next Story