ڈبل سنچری کا موقع ہاتھ سے نکلنے پر شرجیل افسردہ

اے ٹیم کے ساتھ انگلینڈ کا ٹور کرنے سے کنڈیشنز سے ہم آہنگی کا موقع ملا، قومی اوپنر

اٹیکنگ بیٹسمین ہوں، چھکے لگانا قدرتی کھیل ہے، بڑی اننگز سے اعتماد بڑھ گیا، شرجیل خان۔ فوٹو: اے ایف پی

ڈبل سنچری کا موقع ہاتھ سے نکلنے پر شرجیل خان خاصے افسردہ ہیں، پاکستانی اوپنر نے آئرلینڈ سے پہلے ون ڈے میچ میں 152 رنز اسکور کیے تھے، انھوں نے کہا کہ میرا ہدف 200 تک پہنچنا تھا مگر بدقسمتی سے ایسا نہ کر سکا.


تفصیلات کے مطابق جمعرات کو آئرلینڈ سے پہلے ون ڈے میں شرجیل خان نے 86 گیندوں پر152 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جس وقت وہ آئوٹ ہوئے 15 اوورز باقی اور وہ اسکور مزید آگے بڑھا سکتے تھے۔ پاکستان کی جانب سے ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بیٹسمین کا ریکارڈ ان کے ہاتھ نہ آ سکا، میڈیا سے بات چیت میں اس حوالے سے اوپنر نے کہا کہ جس طرح میں پہلے کھیلتا چلا آ رہا تھا پہلے ون ڈے میں بھی ویسی ہی بیٹنگ کی ، جب سنچری مکمل ہو گئی تو 200 رنز کو ہی ہدف بنا لیا، مگر ایک گیند کو درست انداز سے نہ کھیل سکا اور ٹاپ ایج لگنے پر کیچ ہوگیا، انھوں نے کہا کہ ڈیبیو میں ففٹی کے بعد اگلے 10 میچز میں بڑی اننگز نہ کھیل سکا،2 سال باہر رہنے کے بعد اب ون ڈے ٹیم میں واپسی ہوئی تو اسے سنچری سے یادگار بنایا۔

شرجیل خان نے کہا کہ اے ٹیم کے ساتھ پہلے انگلینڈ آنے کا مجھے بیحد فائدہ ہوا، وہاں اور آئرلینڈ کی کنڈیشنز ایک جیسی ہیں۔ اس لیے مجھے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئی مشکل نہیں آئی۔ ایک سوال پر شرجیل خان نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ انگلش اور آئرش بولنگ میں بیحد فرق ہے مگر انٹرنیشنل کرکٹ میں چاہے کوئی بھی حریف ہو اس کیخلاف سنچری سے اعتماد ملتا ہے، میں اس کا فائدہ اٹھا کر انگلینڈ سے میچز میں بھی عمدہ کھیل پیش کرنا چاہوں گا۔ انھوں نے کہا کہ میں اٹیکنگ بیٹسمین ہوں اور چھکے لگانا میرا قدرتی کھیل ہے، پچ اتنی آسان نہ تھی مگر میں نے لوز گیندوں کا انتظار کیا اور اپنے اسٹروکس کھیلے۔
Load Next Story