دبئی کے برقی قمقموں میں پنک گیند سے ٹیسٹ ہوگا

پاکستان اور ویسٹ انڈیزکی کرکٹ ٹیمیں 13سے 17 اکتوبر تک مدمقابل

سیریز تین ٹی ٹوئنٹی ، اتنے ہی ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹیسٹ پر مشتمل فوٹو: فائل

دبئی کے برقی قمقموں میں پنک گیند سے ٹیسٹ ہوگا، پاکستان اور ویسٹ انڈیزکی کرکٹ ٹیمیں اکتوبر میں مدمقابل ہوں گی۔


مجوزہ شیڈول کے مطابق13سے 17تاریخ تک شیڈول میچ سے تین ٹیسٹ کی سیریز شروع ہوگی،یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا ڈے نائٹ میچ ہوگا،اولین مقابلہ گذشتہ سال آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ایڈیلیڈ میں ہوا تھا۔ بی بی سی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کو نائٹ ٹیسٹ کی تجویز دی تھی، جس نے کافی سوچ بچار کے بعد اس سے اتفاق کرلیا۔ کیریبیئن ٹیم دبئی ٹیسٹ کی تیاری کیلیے ایک ڈے نائٹ سہ روزہ میچ بھی کھیلے گی جس کی میزبانی شارجہ کو ملنے کا امکان ہے۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان متحدہ عرب امارات میں سیریز تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل، اتنے ہی ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹیسٹ پر مشتمل ہوگی، ابتدائی دو ٹی ٹوئنٹی23اور24ستمبر کو دبئی میں ہونگے۔

تیسرے کی میزبانی27 تاریخ کو ابوظبی کریگا۔ ون ڈے سیریز کے پہلے دو میچز30ستمبر اور دو اکتوبر کو شارجہ میں ہوں گے جبکہ تیسرا مقابلہ 5 تاریخ کو ابوظبی میں شیڈول ہے، پہلا ٹیسٹ 13 سے17اکتوبر تک دبئی میں ہوگا، ابوظبی21 سے25اکتوبر تک دوسرے میچ کی میزبانی کرے گا، تیسرا اور آخری ٹیسٹ 30 اکتوبر سے تین نومبر تک شارجہ میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم رواں برس کے آخر میں شیڈول دورئہ آسٹریلیا میں بھی ایک ڈے نائٹ ٹیسٹ برسبین میں کھیلے گی۔ فلڈ لائٹس میں پنک گیند سے کھیلنے سے ہم آہنگ کرانے کیلیے پی سی بی رواں سیزن کئی فرسٹ کلاس میچز اسی انداز میں کرائے گا، منگل کو لاہور میں کرکٹ کمیٹی کا اجلاس ہو رہا ہے جس میں گیند کے حوالے سے فیصلہ متوقع ہے۔
Load Next Story