ٹنڈوالہیارموٹر سائیکل سواروں نے تاجر سے 9لاکھ چھین لیے

لوٹ مار کی وارداتوں پر شہریوں کا اظہار تشویش ، پولیس بد امنی پر قابو پانے میں ناکام

ٹنڈوالہیار میں ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتیں عام ہوگئی ہیں۔ فوٹو: فائل

ٹنڈوالہیار میں چوری ، ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتوں میں بے پناہ اضافہ ہو گیا۔ بینک سے رقم نکلوا کر جانیوالے بھی سرعام لٹنے لگے ، پولیس انتظامیہ بے بس ۔


تفصیلات کے مطابق ٹنڈوالہیار میں ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتیں عام ہوگئی ہیں۔ بدھ کی سہ پہر رئوف قائم خانی نامی تاجر نجی بینک سے رقم نکلوا کر گھر جارہے تھے کہ بچانی پٹرول پمپ کے عقب پر واقع شاہراہ پر3 نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ان سے 9لاکھ روپے چھین لیے اور باآسانی فرار ہوگئے۔

چند روز قبل چیتن نامی تاجر کے گھر علی الصباح نامعلوم مسلح افراد گھس آئے اور اہل خانہ کو یرغمال بنا کر لاکھوں روپے نقدی ، درجنوں موبائل فون اور 10تولہ سونا لوٹ کر لے گئے ، علاوہ ازیں کامران کی دکان کے تالے توڑ کر نامعلوم چور قیمتی سامان لے اڑے ، جھنڈو مری سے آنیوالے احسان اوٹھو سے نامعلوم مسلح افراد نے موٹر سائیکل چھین لی ۔ ٹنڈوالہیار تھانے سے چند قدم کے فاصلے پر واقع ڈسٹرکٹ کورٹ سے آفتاب بوزدار کی کار چوری کرلی گئی ۔ سماجی افراد نے ٹنڈوالہیار میں بد امنی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
Load Next Story