شاہ بھٹائی کا عرس انتظامات کا جائزہ لینے کیلیے اجلاس

فول پروف سیکیورٹی پلان اور ضلع کے تینوں تعلقوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ

عرس مبارک کے انتظامی امور کا جائزہ لینے کیلیے ڈپٹی کمشنر مٹیاری شاہد ظفر لغاری کی زیر صدارت بھٹ شاہ ریسٹ ہاؤس میں اجلاس ہوا. فوٹو: فائل

شاہ عبداللطیف بھٹائی ؒ کے 269 ویں عرس کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی پلان پر عمل درآمد اور ضلع کے تینوں تعلقوں میں تعلقہ اسپتالوں سمیت دیہی صحت مراکز بھٹ شاہ میں میلے کے دوران ایمرجنسی نافذ کرنیکا فیصلہ کیا گیا۔

عرس مبارک کے انتظامی امور کا جائزہ لینے کیلیے ڈپٹی کمشنر مٹیاری شاہد ظفر لغاری کی زیر صدارت بھٹ شاہ ریسٹ ہاؤس میں اجلاس ہوا جس میں سید نازن سائیں، درگاہ کے سجادہ نشین کے فرزند سید خاور علی شاہ، ایس ایس پی مٹیاری منظور علی کھٹیان، ریونیو اور دیگر محکموں اور ضلع کے ٹی ایم اوز نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عرس کے موقع پر بین الاقوامی ادبی کانفرنس میں شرکت کرنے کیلیے بیرونی ممالک سے ادبا کی آمد کے علاوہ ملک کے مختلف حصوں سے لاکھوں عقیدت مند بھٹ شاہ آئینگے، اس لیے موثر حفاظتی انتظامات کیے جائیں۔




انھوں نے ایس ایس پی مٹیاری سے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلیے سیکیورٹی کا موثر پلان تشکیل دینے کے ساتھ ساتھ جدید آلات سمیت بم ڈسپوزل اسکواڈ کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ جبکہ بھٹ شاہ ٹاؤن میں مچھر مار اسپرے کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انھوں نے مزار کی تزئین و آرائش کا کام جلد مکمل کرنیکی بھی ہدایت کی ۔

ایس ایس پی مٹیاری منظور کھٹیان نے اجلاس کو بتایا کہ میلے کے دوران رینجرز کی تعیناتی کی ضرورت نہیں، 2 ہزار پولیس اہلکار امن و امان کی صورت حال کو قابو میں رکھنے کیلیے کافی ہیں، اس کے علاوہ خفیہ نظام کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ مختلف جدید کیمرے بھی 24 گھنٹے نگرانی کیلیے نصب کیے جائینگے۔
Load Next Story