رینجرز کا لیاری میں انتہائی مطلوب ملزمان کے اڈوں پر چھاپہ

گینگ وار کے ملزمان کی شدید فائرنگ،رینجرز کو پسپا ہونا پڑا، اسلحہ برآمد۔

آپریشن کیخلاف لی مارکیٹ پر خواتین کا دھرنا،ٹائر نذر آتش، ٹریفک معطل. فوٹو: فائل

لیاری میں رینجرز آپریشن کے دوران لیاری گینگ وار کے ملزمان کی شدید فائرنگ سے مختلف علاقے گونج اٹھے۔

جس کے باعث رینجرز کو پسپا ہونا پڑا تاہم رینجرز نے آپریشن کے دوران لیاری گینگ وار کے ملزمان کے اڈوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر کے قبضے میں لے لیا، رینجرز آپریشن کے خلاف لی مارکیٹ پر خواتین نے دھرنا دے کر احتجاج کیا، نامعلوم افراد نے ٹائروں کو نذر آتش کر کے ٹریفک معطل کر دیا،تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ نے خفیہ اطلاع پر لیاری کے علاقے دبئی چوک پر لیاری گینگ وار کے انتہائی مطلوب ملزمان عبدالجبار عرف جینگو اور نور محمد عرف بابا لاڈلہ کے اڈوں پر چھاپہ مار کر بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا ۔


رینجرز آپریشن کے دوران لیاری گینگ وار کے ملزمان نے آگرہ تاج کالونی ، بکرا پیڑی اور میراں ناکہ سمیت پورے لیاری میں دکانیں و کاروبار بند کرا دیا اور بعدازاں لیاری کے دیگر علاقے سنگولین ، عمر لائن ، نوا لائن ، کھڈوی لائن ، چیل چوک ، غریب شاہ مزار ، لی مارکیٹ اور دھوبی گھاٹ میں شدید فائرنگ کر کے خوف و ہراس پھیلا دیا۔



جس کے باعث موقع پر موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی اور علاقہ مکین گھروں میں محصور ہوگئے، گینگ وار کے ملزمان کی جانب سے کی جانے والی شدید فائرنگ سے رینجرز کوپسپا ہونا پڑا، بعدازاں رینجرزکے آپریشن کے خلاف خواتین کی بڑی تعداد نے گھروں سے نکل کرلی مارکیٹ چوک پر دھرنا دیا اور رینجرز کے خلاف نعرے لگائے، اس موقع پر نامعلوم افراد کی جانب سے ٹائروں کو بھی نذر آتش کیا گیا جس کی وجہ سے ٹریفک معطل ہوگیا، بعدازاں پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کیا۔
Load Next Story