کالاباغ ڈیم ملکی مفاد میں ہےصوبوں میں اتفاق ہونا چاہیے عمران

عام انتخابات میں سونامی نظر آئے گا،ضمنی انتخابات میں ن لیگ نہیں پنجاب حکومت جیتی ہے

کراچی میں نئی حلقہ بندیاں ہونی چاہئیں،چیف جسٹس ملک کی امید ہیں. فوٹو: فائل

لاہور:
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم ملک کے مفاد میں ہے لیکن تمام صوبوں میں اتفاق رائے ہونا چاہیے۔

ضمنی انتخابات میں (ن) لیگ نہیں پنجاب حکومت جیتی ہے،عام انتخابات کا اعلان ہوتے ہی (ن) لیگ اورپیپلزپارٹی ڈرائنگ روم تک محدود ہو جائیں گی اور عام انتخابات میں تحریک انصاف کا سونامی پوری دنیا کونظرآئے گا،لیپ ٹاپ سے نوجوانوں کو خریدا نہیں جا سکتا۔




چیف جسٹس اس ملک کی امید ہیں، الیکشن کمیشن اور عدلیہ کی نگرانی میں ہی شفاف انتخابات ہوسکتے ہیں۔ سنگاپور روانگی سے قبل علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ کراچی میں نئی حلقہ بندیاں ہونی چاہئیں اوراس حوالے سے تحریک انصاف بھی حلقہ بندیوں کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کی تائید کرتی ہے، ہم نے شروع دن سے ہی موجودہ حکومت کی نگرانی میں ہونے والے ضمنی انتخابات کابائیکاٹ کیا اس لیے سونامی نظر نہیں آیا،سونامی عام انتخابات میں نظرآئے گا،ذوالفقار علی بھٹو کا انقلاب بھی ضمنی نہیں عام انتخابات میں آیا تھا۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کا بھی یقین ہے کہ جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم ضمنی ا نتخابات میں ہونے والی دھاندلیوں کا نوٹس لیں گے اور عام انتخابات مکمل طور پرشفاف ہوں گے کیونکہ شفاف انتخابات کے بغیرملکی مسائل کا حل ممکن نہیں۔
Load Next Story