طالبان کا الیکشن کمیشن عملے اور قانون نافذ کرنیوالوں پر حملوں کا منصوبہ

کراچی میں ووٹرز کی تصدیق کے دوران حملوں کا خدشہ ،گرفتار طالبان کی رہائی کا بھی منصوبہ ہے ،مراسلہ

کراچی میں ووٹرز کی تصدیق کے دوران حملوں کا خدشہ ،گرفتار طالبان کی رہائی کا بھی منصوبہ ہے ،مراسلہ۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

لاہور:
کراچی میں طالبان گروپس ووٹرلسٹوں کی ازسرنوجانچ پڑتال کے دوران الیکشن کمیشن کے عملے اورقانون نافذکرنے والے اداروں کے اہلکاروں کونشانہ بناسکتے ہیں۔

اعلیٰ پولیس حکام کی جانب سے جائزہ لیاجارہاہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پرکیے جانے والے اس عمل کوپرامن اورمحفوظ اندازمیں یقینی بنانے کیلیے کون کون سے اقدامات ناگزیرہیں،کراچی میں انتہاپسندوں کیخلاف آپریشن کاامکان ہے۔ذرائع کاکہناہے کہ پولیس کے شعبہ انٹلیجنس کے افسران واہلکاروںکوہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میںکالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والوںکی فہرست اوران کی موجودگی کے حوالے سے فوری طورپر رپورٹ مرتب کرکے ارسال کریں۔

منگھوپیر میںایک ہفتے قبل طالبان پاکستان کیخلاف بڑے پیمانے پرآپریشن کے بعدبچ جانیوالے طالبان گروپس کی شکل میں شہرکے مختلف علاقوں میں روپوش ہوگئے جس کے بعدیہ ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق آپریشن میں بچ جانے والے طالبان سہراب گوٹھ،کوچی کیمپ،گڈاپ،گلشن معمار،الآصف اسکوائر،مچھر کالونی،شیریں جناح کالونی،پی آئی ڈی سی سلطان آباد، گلشن حدید،ابراہیم حیدری، قائد آباد اور نیشنل ہائی وے سمیت دیگرمضافاتی علاقوں میں روپوش ہوئے ہیں۔




اعلیٰ حکام نے کالعدم تنظیموں کے خلاف فوری کارروائی سے متعلق پولیس افسران سے تجاویزبھی طلب کی ہیں تاکہ تمام پہلوؤںکومدنظررکھتے ہوئے شہربھرمیں فیصلہ کن آپریشن کیاجاسکے،شہرمیں مخبروںکا جال بچھاکرفہرستیں مرتب کرنے کاعمل شروع کردیاگیاہے۔

دریں اثناذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کرائسزمینجمنٹ نے حکومت سندھ کو ایک مراسلہ ارسال کیاہے جس میں کہاگیاہے کہ منگھوپیرمیں رینجرز آپریشن کے دوران پکڑے جانے والے طالبان اوردیگرکالعدم تنظیموںسے تعلق رکھنے والے ملزمان کی گرفتاری کے بعدکالعدم تحریک طالبان اپنے گرفتارساتھیوں کوچھڑانے کی منصوبہ بندی کے علاوہ بدلہ لینے کیلیے پولیس اوررینجرز پرحملے بھی کرسکتے ہیں۔

خیبرپختونخواسے گرفتار افرادکوچھڑانے کے لیے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کرنے کے لیے 30 سے 35 انتہاپسندوں کوصوبہ سندھ روانہ کر دیا ہے ان اطلاعات کے بعدمحکمہ داخلہ سندھ نے کراچی پولیس اوردیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کوہائی الرٹ کرتے ہوئے سیکیورٹی انتظامات کو فل پروف بنانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
Load Next Story