وسیم کی نئی ’’باری‘‘ ڈسپلن کا شکنجہ سخت کرنے کی تیاری

کھلاڑیوں میں نظم و ضبط پرسمجھوتہ نہیں کروں گا، وسیم باری

لاہور میں بورڈ حکام سے ملاقاتوں کے بعد کراچی روانگی،ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹوئنٹی 20سیریز سے قبل تربیتی کیمپ نہ لگانے کا فیصلہ،اسکواڈ 18ستمبر کو یواے ای جائے گا۔ فوٹو : اے پی پی / فائل

لاہور:
وسیم باری نے نئی باری میں ڈسلپن کا شکنجہ سخت رکھنے کی تیاری کر لی،ٹیم منیجر کا کہناہے کہ میرے مزاج میں نرمی لیکن کام کرنے کا اپنا انداز ہے،مخلصانہ کوشش کی جائے تو کچھ بھی ناممکن نہیں،نظم و ضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔

سابق وکٹ کیپر لاہور میں بورڈ حکام سے ملاقاتوں کے بعد کراچی روانہ ہوگئے،ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹوئنٹی 20سیریز سے قبل تربیتی کیمپ نہ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، قومی اسکواڈ 18ستمبر کو یواے ای کیلیے اڑان بھرے گا، شادی کی تقریبات میں مصروف محمد عامر ہمراہ نہیں ہونگے، ہیڈ کوچ مکی آرتھر سمیت غیرملکی اسٹاف براہ راست دبئی میں سکواڈ کو جوائن کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق انتخاب عالم کی جگہ منیجر کی ذمہ داریاں سنبھالنے والے وسیم باری نے لاہور میں2روز قیام کے دوران پی سی بی حکام سے ملاقاتوں میں ویسٹ انڈیز سے یواے ای میں سیریز اور مستقبل کے پلانز پر تبادلہ خیال کیا، انھیں بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد، منیجر انٹرنیشنل عثمان واہلہ،بولنگ کوچ مشتاق احمد اور اسسٹنٹ منیجر شاہد اسلم سے بات چیت کا موقع ملا،نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بھی انھیں مبارکباد دی۔

''ایکسپریس نیوز'' سے بات چیت کرتے ہوئے وسیم باری نے کہاکہ اپنی ذمہ داریوں سے انصاف کرتے ہوئے میدان کے اندراور باہر ملک کا پرچم سربلند رکھنے کی پوری کوشش کروں گا، یہ حقیقت ہے کہ میرا مزاج سخت گیر نہیں لیکن کام کرنے کا اپنا انداز ہے، ڈسپلن میری پہلی ترجیح ہوگی، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا، انھوں نے کہا کہ اگر آپ اپنے کام کے ساتھ مخلص ہوں تو کوئی چیز ناممکن نہیں رہتی،مخلصانہ کوشش سے ہی مثبت نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔


اس ضمن میں میری جانب سے کسی غفلت کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا، پوری کوشش کروں گا کہ ٹیم کو کامیابیوں کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا کردار ادا کروں، بیشتر قومی کرکٹرز مجھے اچھی طرح جانتے ہیں، امید ہے کہ میرا یہ تجربہ کامیاب رہے گا۔ ایک اور انٹرویو میں وسیم باری نے کہاکہ قومی ون ڈے ٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں رہی، بہتری کیلیے اقدامات کرنا ہوںگے،اظہرعلی کی قیادت کے حوالے کوئی بھی فیصلہ کرنا بورڈ کی صوابدید ہے۔

یاد رہے کہ 68 سالہ وسیم باری اس سے قبل بھی پی سی بی سے اپنی طویل وابستگی کے دوران مختلف عہدوں پر کام کرچکے ہیں، وہ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسراور اس کے علاوہ متعدد مواقع پر سلیکشن کمیٹی میں بھی رہ چکے ہیں، انھیں آخری بار اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل 2010کے بعد ڈائریکٹر ایجوکیشن اور اینٹی کرپشن کے عہدے پر فائز رہنے کا موقع ملا تھا، سابق وکٹ کیپر 81ٹیسٹ اور51 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

دوسری جانب پی سی بی نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹوئنٹی 20سیریز سے قبل تربیتی کیمپ نہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے، حکام کا خیال ہے کہ بیشتر کرکٹرز گذشتہ ڈھائی ماہ سے مسلسل کرکٹ کھیل رہے ہیں، دورئہ انگلینڈ سے واپس آنے والے چند کھلاڑیوں کو ملتان میں جاری قومی ٹوئنٹی20 ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز اور فائنل میں بھی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا،ٹیم میں جگہ بنانے والے نئے پلیئرز عمراکمل، سعدنسیم اور رومان رئیس بھی اس ایونٹ کا حصہ ہیں، قومی اسکواڈ 18ستمبر کو یواے ای کیلیے اڑان بھرے گا، شادی کی تقریبات میں مصروف محمد عامر ہمراہ نہیں ہونگے۔

امکان یہی ہے کہ21 ستمبر کو ولیمے کے بعد پیسر پہلا اور دوسرا ٹوئنٹی 20میچ نہیں کھیل پائیں گے ، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے آسٹریلیا روانہ ہوگئے تھے، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاورانگلینڈ میں ہی رک گئے،فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن اور فزیو شان ہیز سمیت غیرملکی اسٹاف براہ راست دبئی میں اسکواڈ کو جوائن کرے گا۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹوئنٹی20 میچ 23 ستمبر کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، اگلے روز دونوں ٹیمیں اسی وینیو پر مقابل ہونگی، سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 27 ستمبر کو ابوظبی میں شیڈول ہے۔
Load Next Story