کرکٹ اسٹارزعید الاضحی اہل خانہ کے ساتھ منائیں گے

ہم زیادہ تر عیدیں باہر کے ملکوں میں گزارتے ہیں اس بار خوشیاں گھر والوں کے ساتھ منانے کا موقع ملا ہے، قومی کرکٹرز

ہم زیادہ تر عیدیں باہر کے ملکوں میں گزارتے ہیں اس بار خوشیاں گھر والوں کے ساتھ منانے کا موقع ملا ہے، قومی کرکٹرز فوٹو: فائل

قومی کرکٹرز اس بار عید الاضحیٰ کی خوشیاں اہل خانہ کے ساتھ منائیں گے، ٹینس پلیئرزکی عید دیارغیر میں گزرے گی، تفصیلات کے مطابق عیدالفطر ہو یا عیدالاضحیٰ ہر مسلمان مسرت کے یہ تہوار اپنے گھروں والوں کے ساتھ منانا چاہتا ہے، شہریوں کے برعکس خوشی کے یہ لمحے کرکٹ اور ہاکی سمیت مختلف کھیلوں سے وابستہ پلیئرز کو گھر پر کم ہی میسر آتے ہیں۔


پاکستان کرکٹ ٹیم چند روز قبل ہی انگلینڈ کے طویل دورے کے بعد وطن واپس لوٹی، ایسے میں پلیئرزکے قریبی عزیزواقارب کی خوشیاں دیدنی تھیں، ان خوشیوں کو عیدالاضحیٰ نے مزید دوبالا کردیا،کھلاڑیوں نے اپنے گھر والوں کے ساتھ نہ صرف قربانی کے جانور خریدے بلکہ دل بھر کر شاپنگ بھی کی ہے، قومی کرکٹرز کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مقابلوں کی وجہ سے ہم زیادہ تر اپنی عیدیں باہر کے ملکوں میں گزارتے ہیں، اس بار خوشیاں گھر والوں کے ساتھ منانے کا موقع ملا جس پربہت خوش ہیں، عید کے دن سنت ابراہیمی پوری کرنے کے بعد خوب ہلہ گلا اور بھرپور طریقے سے لطف اندوز ہوں گے، یاد رہے کہ عیدالاضحیٰ کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کا اگلا مقابلہ متحدہ عرب امارات میں ویسٹ انڈیز سے 23 ستمبر کو ہوگا، سیریز کا حصہ بننے کیلیے پلیئرز18ستمبر کو دبئی جائیں گے۔

ادھر پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑی بھی عید کی خوشیاں گھر والوں کے ساتھ ہی منائیں گے، گرین شرٹس آئندہ ماہ ملائیشیا میں شیڈول ایشین ہاکی چیمپئن شپ کی تیاریوں میں مصروف تھے، ٹیم مینجمنٹ نے عید کی وجہ سے کیمپ کو ختم کر کے کھلاڑیوں کو ان کے گھر بھیج دیا، ٹینس اسٹار اعصام الحق امریکا جبکہ ڈیوس کپ کا حصہ بننے والے کھلاڑی عقیل خان، سمیر افتخار اور عابد علی نیوزی لینڈ میں عید منائیں گے، قومی سائیکلسٹس ایشین ٹریک اور سارک چیمپئن شپ کی وجہ سے عید بھارت میں گزاریں گے۔
Load Next Story