سلمان بٹ کی قومی ٹیم کے دروازے پر دوبارہ دستک

ویسٹ انڈیز سے ون ڈے سیریز کیلیے نام زیر غور، عمراکمل کو بھی موقع ملنے کا امکان

ویسٹ انڈیز سے ون ڈے سیریز کیلیے نام زیر غور، عمراکمل کو بھی موقع ملنے کا امکان۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

لاہور:
سلمان بٹ نے قومی ٹیم کے دروازے پردوبارہ دستک دے دی، ویسٹ انڈیز سے ون ڈے سیریز کیلیے اوپنر کا نام زیر غور ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین 3 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 30 ستمبر سے شارجہ میں ہوگا، دوسرا مقابلہ اسی اسٹیڈیم میں 2اکتوبر کو شیڈول ہے،تیسرے میچ میں دونوں ٹیمیں 5اکتوبر کو ابوظبی میں آمنے سامنے ہوںگی۔ انضمام الحق کی سربراہی میں پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست تیار کرلی، حتمی اسکواڈ کا اعلان 24ستمبر کو کیریبیئنز کیخلاف دوسرے ٹوئنٹی 20میچ کے بعد متوقع ہے، انگلینڈ میں ون ڈے سیریز میں 1-4 سے شکست کے بعد اظہر علی کو قیادت سے ہٹانے کی اطلاعات گردش کررہی تھیں۔


چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا تھا کہ ٹیم کی وطن واپسی کے بعد 31سالہ کرکٹر کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے، بعد ازاں ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور سابق کرکٹرز کی رائے کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ موخر کردیا گیا تھا، ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں اظہر علی ہی کپتان اور حتمی اسکواڈ میں ان کی مشاورت شامل ہوگی، ملتان میں ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے عمراکمل کو قومی ٹوئنٹی20اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا تھا، انھیں ون ڈے کرکٹ میں بھی موقع دینے کاامکان روشن ہے۔

اسی ایونٹ میں متاثر کن پرفارمنس کی بنیاد پر سلمان بٹ کا نام بھی زیر غور آگیا، سمیع اسلم اور عمر گل ابتدائی فہرست میں جگہ بنانے میں ناکام رہے، پیسر رومان رئیس کو شامل کرلیا گیا، دلچسپ بات یہ ہے کہ دورئہ انگلینڈ میں محض 5 اوورز کرتے ہی ان فٹ ہونے والے محمد عرفان فہرست میں موجود ہیں لیکن ان کی فٹنس کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا،انجری سے نجات پانے کیلیے کوشاں محمد حفیظ کا نام بھی ابتدائی فہرست میں شامل نہیں۔
Load Next Story