زخمی سوئیڈش خاتون کو ایئرایمبولینس کے ذریعے سوئیڈن روانہ کردیا گیا
تفتیشی پولیس افسر نے بتایا کہ برگیتا پر حملہ کرنے والے ملزمان کی ابھی تک نشاندہی نہیں ہو پائی ہے۔
ڈاکٹر فضل الرحمان نے بتایا کہ سوئیڈن سے برگیتا کو لے جانے کے لئے ایئرایمبیولینس بھیجی گئی تھی جس میں انہیں روانہ کیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی
گزشتہ ہفتے لاہور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والی سوئیڈن کے امدادی ادارے کی خاتون کارکن کو ایئرایمبولنس کے ذریعے ان کے اپنے ملک روانہ کردیا گیا۔
برگیتا علمبی کچھ روزقبل اپنے دفتر سے گھر جا رہی تھیں کہ نامعلوم افراد نے انہیں گولیوں کا نشانہ بنایا، گولی ان کے سینے میں لگی جس کے باعث انہیں شدید زخمی حالت میں اسپتال متنقل کیا گیا۔
جناح اسپتال کے چیف ڈاکٹر فضل الرحمان نے بتایا کہ برگیتا بدستوربے ہوش اورتشویشناک حالت میں ہیں جس کے باعث انہیں وینٹی لیٹرپررکھا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج سوئیڈن کی جانب سے بھیجی گئی ایئرایمبولنس کے ذریعے انہیں ان کے ملک روانہ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب برگیتا پر ہوئے حملے کی تفتیش کرنے والے پولیس افسر کاکہنا ہے کہ حملے کی مختلف انداز میں تفتیش کررہےہیں تاہم ابھی تک ملزمان کی نشاندہی نہیں ہوسکی۔