منی ایکسچینج کی وین کو لوٹنے کی کوشش ناکام ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ڈرائیور ہلاک

یونیورسٹی روڈ پر سوزکی میں سوار 8 سے10مسلح ملزمان نے وین کی ونڈ اسکرین کو ہتھوڑے مار کر توڑ دیا، 2 گارڈز زخمی

واردات کے وقت وین میں 10 لاکھ روپے کی رقم موجود تھی جو ملزمان اپنے ہمراہ لے جانے میں ناکام رہے. فوٹو: فائل

پی آئی بی کے علاقے یونیورسٹی روڈ پر منی ایکسچینج کی وین کو لوٹنے کی کوشش ناکام ہونے پر مسلح ملزمان نے ایکسچینج کی وین پرفائرنگ کر دی۔

جس کے نتیجے میں ڈرائیور ہلاک جبکہ وین میں موجود 2 سیکیورٹی گارڈ زخمی ہو گئے، تفصیلات کے مطابق پی آئی بی تھانے کی حدود یونیورسٹی روڈ پرانی سبزبی منڈی الف الثانی مسجد کے قریب سوزکی گاڑی میں سوار 8 سے 10 مسلح ملزمان نے گلیکسی منی ایکسچینج کی پوٹوہار جیپ BE-1188 کے سامنے اپنی سوزوکی لاکر روک دی اور نیچے اتر کر اسلحہ کے زور پر جیپ کے اندر موجود افراد سے دروازے کھولنے کو کہا اور جب جیپ میں موجود افراد نے جیپ کے دروازے نہیں کھولے تو ملزما ن نے منی ایکسچینج کی وین کی ونڈ اسکرین کو ہتھوڑے مار کر توڑ دیا اور فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وین کا ڈرائیور انور علی ولد برکت علی ، ندیم اور مہرین زخمی ہو گئے۔




جبکہ ملزمان با آسانی ہڈ والی سوزوکی میں فرار ہو گئے جس کے بعد زخمی ہونیوالے منی ایکسچینج کے تینوں ملازمین کو فوری طور پر اسٹیڈ یم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں وین کا ڈرائیور 50 سالہ انور علی ولد برکت علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گیا جبکہ زخمی ہونے والے سیکورٹی گارڈ ندیم کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈویژنل ایس پی عاصم قائم خانی ، ڈی ایس پی نیو ٹائیوں ناصر لودھی اور علاقہ پولیس مو قع پر پہنچ گئی ، ڈی ایس پی ناصر لودھی نے ایکسپریس سےبات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ منی ایکسچینج کی وین صدر سے پیسے تقسیم کر کے گلشن اقبال مہران سجی کے قریب واقع اپنے دفتر جا رہی تھی کہ پرانی سبزی منڈی اور ایدھی سینٹر کے ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا ۔

انھوں نے بتایا کہ واردات کے وقت وین میں 10 لاکھ روپے کی رقم موجود تھی جو ملزمان اپنے ہمراہ لے جانے میں ناکام رہے ، منی ایکسچینج کی وین میں ڈرائیور سمیت 3گارڈ ندیم ، کبیر اور مہرالدین موجود تھے جس میں سے وین کا ڈرائیور انور علی ہلاک اور دو سیکورٹی گارڈ ندیم اور مہر الدین زخمی ہو گئے ، ملزمان نے منی ایکسچینج کی جیب پر30 بور پستول سے فائرنگ کی ہے اور پولیس نے جائے وقوعہ سے 4 سے 6گولیوں کے خالی خول برآمد کر لیے۔
Load Next Story