کے ڈی اے ملازمین ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کے گھر کا گھیرائو کرینگے

ملازمین کو 2 ماہ کی تنخواہ نہیں ملی،ریٹائرڈ ملازمین پنشن سے محروم ہیں،اشفاق چشتی

جب تک تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کو یقینی نہیں بنایا جائے گا یہ گھیراؤ جاری رہے گا,مزدور یونین. فوٹو: فائل

کے ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) نے ادارے کے ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی پر بلدیہ عظمیٰ کے ایڈمنسٹریٹر کی رہائش گاہ (کیمپ آفس)کا ملازمین کے کفن پوش دستوں کے ہمراہ 13 دسمبر بروز جمعرات کو گھیراؤ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کو یقینی نہیں بنایا جائے گا یہ گھیراؤ جاری رہے گا۔


ان خیالات کا اظہار سی بی اے کے جنرل سیکریٹری اشفاق چشتی نے پیر کو سوک سینٹر میں صحافیوں سے گفتگو میں کیا،انھوں نے کہا کہ ہم نے بحالت مجبوری ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی محمدحسین کی رہائش گاہ کے گھیراؤ کا فیصلہ کیا ہے اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ جب ایڈمنسٹریٹر اپنے دفتر ہی نہیں آتے تو ہم ان کو کہاں تلاش کریں ،کالعدم کے ڈی اے کے ملازمین اپنے سروں پر کفن باندھ کر ایڈمنسٹریٹر کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کریں گے جبکہ جمعرات کو سوک سینٹر میں کام بھی بند رکھا جائے گا انھوں نے کہا یکم دسمبر سے کے ڈی اے کے ملازمین کا میڈیکل بھی بند کردیا گیا ہے ، ملازمین کو دو مہینے کی تنخواہیں نہیں ملی ہیں، ریٹائرڈ ملازمین کی تین مہینے کی پنشن نہیں ملی ہے۔
Load Next Story