افغان فورسز کی کارروائی اور بارودی مواد پھٹنے سے68 شدت پسند ہلاک

افغان انٹیلی جنس نے جلال آباد میں داعش کے خودکش حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا

کارروائیوں کے دوران 5 افغان فوجی بھی مارے گئے۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

PESHAWAR:
افغان سیکیورٹی فورسز کی ملک کے مختلف حصوں میں کارروائیوں اور بارودی مواد پھٹنے سے 68 شدت پسند ہلاک اور 37 زخمی ہوگئے۔


افغان وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا کہ نیشنل سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ طور پر مختلف صوبوں میں کلیئرنس آپریشن کیے جن میں 63 شدت پسند مارے گئے۔ آپریشن صوبہ ننگرہار، لغمان، غزنی، پکتیا، میدان وردک، لوگر، قندھار، ارزگان، ہرات، گوہر، فراہ، قندوز، بلغلان، سرائے پل، جاؤزجان اور ہلمند میں کیے گئے جس میں37 شدت پسند زخمی بھی ہوئے۔ کارروائیوں کے دوران 5 افغان فوجی بھی مارے گئے۔ صوبہ ہلمند میں بارودی مواد نصب کرتے ہوئے دھماکا ہونے سے 5 طالبان ہلاک ہوگئے۔

صوبائی گورنرکے ترجمان عمر زاک نے بتایا کہ5 طالبان شدت پسند ضلع نوازاد میں بارودی مواد نصب کررہے تھے کہ دھماکاہوگیا جس میں وہ مارے گئے۔ افغان انٹیلی جنس نے جلال آباد میں داعش کے خودکش حملہ ناکام بنادیا۔ جمیل الرحمن نامی خودکش حملہ آور کو شہر کے ایک پرہجوم مقام پر خودکش حملے سے پہلے گرفتار کرلیا گیا۔ ہلمند میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں ایک ہی گھر کے 7 افراد ہلاک ہوگئے۔ بم دھماکے میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔
Load Next Story