پروٹیز میڈیا نے کیویز کو دوسرے درجے کی سائیڈ قرار دیدیا

کسی دوسرے ملک کی ٹیم سلیکشن پر کوئی اعتراض نہیں کرسکتے، افریقی بورڈ

نیوزی لینڈ کے نئے کپتان برینڈن میک کولم کی آکلینڈ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت ، ان کی تقرری پر کئی اعتراضات سامنے آئے ہیں۔ فوٹو: فائل

جنوبی افریقی میڈیا نے ٹور پر آنے کو تیار کیوی سائیڈ کو دوسرے درجے کی ٹیم قرار دینا شروع کردیا۔

روس ٹیلر کے دورے سے دستبردار ہونے پر نیوزی لینڈ ٹیم کی کوالٹی پر سوالات اٹھائے جانے لگے، البتہ کرکٹ جنوبی افریقہ کے قائمقام چیف ایگزیکٹیو جیکس فال کا کہنا ہے کہ ہمارے لیے کیویزکے اندرونی معاملات پر بات کرنا مناسب نہیں،نہ ہی ہم کسی دوسرے ملک کی ٹیم سلیکشن پر کوئی اعتراض کرسکتے ہیں۔

مہمان ٹیم میں برینڈن میک کولم، جیمز فرینکلن اور کرس مارٹن جیسے ماہر کھلاڑی موجود اور ہمارے شائقین بھی پروٹیز کو اپنے ہوم گرائونڈز پر دیکھنے کیلیے کافی بے چین ہیں۔




دریں اثنا نیوزی لینڈ کے نئے کپتان برینڈن میک کولم نے واضح کیاکہ ان کی ٹیم اپنی پرفارمنس سے ناقدین کے منہ بند کرسکتی ہے، جہاں ایک طرف میک کولم کو اپنے ملک میں ہی روس ٹیلر کی جگہ کپتان بننے پر تنقید کا سامنا ہے، وہیں جنوبی افریقہ میں بھی ان پر اعتراضات کیے جارہے ہیں۔

پروٹیز سلیکٹر کریگ میتھیوز نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ وہ جنوبی افریقہ کے دورے پر آنے والی کیوی ٹیم کو ایکشن میں دیکھنے کیلیے رقم ضائع کرنا پسند نہیں کریں گے۔ اس بارے میں میک کولم نے کہا کہ ہر کسی کو اپنی بات کہنے کا حق حاصل ہے، لوگ اس وقت ہمارے بارے میں بہت کچھ کہہ رہے ہیں، ہمارے پاس بھی موقع ہے کہ ہم اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے کامیابی حاصل کرکے ان اعتراض کرنے والوں کا منہ بند کردیں۔
Load Next Story