وارم اپ میچپاکستان کو بیلجیئم نے 2گول سے قابو کر لیا

گرین شرٹس4میں سے کسی بھی پنالٹی کارنرکوکارآمد نہ بنا سکے،کل ہالینڈ سے مقابلہ

چگویل کے اولڈ لوگٹونینز ہاکی کلب میں پاکستانی کھلاڑی وارم اپ ہو رہے ہیں، قوم کو ایونٹ میں ٹیم سے عمدہ کارکردگی کی توقع ہے۔ فوٹو ایکسپریس

لندن اولمپکس سے قبل وارم اپ میچ میں پاکستان کو بیلجیئم نے 0-2 سے قابو کر لیا، موصولہ اطلاعات کے مطابق مقابلہ20،20 منٹ کے تین ہاف پر مشتمل تھا،گرین شرٹس چار میں سے کسی بھی پنالٹی کارنر کو کارآمد نہ بنا سکے، جمعرات کو دوسرے پریکٹس میچ میں ہالینڈ سے مقابلہ ہو گا۔

دریں اثنا پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیا نے لندن اولمپکس میں شریک قومی ٹیم مینجمنٹ میں اختلافات کی اطلاعات کو بے بنیاد قرار دے دیا، لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ تنقید نہیں پلیئرز کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنے کا وقت ہے،اختلافات کی خبریں پھیلانے والے ملک دشمنی کررہے ہیں ، انھیں منفی رویہ چھوڑ کر پاکستان کی کامیابی کیلیے دعائوں میں قوم کے ساتھ شامل ہونا چاہیے، انھوں نے کہا کہ کھلاڑی نہ صرف ایونٹ کے ابتدائی میچز بلکہ اگلے مراحل میں بھی عمدہ کھیل پیش کرنے کیلیے بے تاب ہیں،ایسے میں ان کا مورال گرانے والی اطلاعات پھیلانا ملکی مفاد میں نہیں ہوگا۔


قبل ازیں لندن سے اطلاع آئی تھی کہ ہیڈ کوچ ومنیجر اختر رسول نے ٹیم معاملات میں سیکریٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ کی مداخلت پر عہدہ چھوڑدیا اور انکی جگہ اسسٹنٹ کوچ خواجہ محمد جنید نے فرائض سنبھال لیے ہیں، البتہ اختر رسول نے منیجر کا عہدہ اپنے پاس ہی رکھا ہے۔

دوسری جانب اختر رسول نے ''ایکسپریس نیوز'' سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی، کھلاڑیوں اور مینجمنٹ میں مکمل ہم آہنگی ہے،اسکواڈ کی توجہ صرف اس بات پر مر کوز ہے کہ بہترین کارکردگی دکھاکر ملکی وقار میں اضافہ کیا جائے۔
Load Next Story