عالمی دبائو کے باوجود شمالی کوریا کا کامیاب راکٹ تجربہ اقدام اشتعال انگیز ہے اقوام متحدہ

مغربی ساحل سے داغا گیا،راکٹ کی مدد سے سیارچے کو خلائی مدار میں بھیجا،شمالی کوریا،سلامتی کونسل کاہنگامی اجلاس طلب.

شمالی کوریا نے زمین کے مدار میں سیارچہ چھوڑنے کی آڑ میں بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے، امریکا و اتحادی،بان کی مون کی مذمت. فوٹو وکی پیڈیا

شمالی کوریا نے بین الاقوامی انتباہ کو نظر انداز کرتے ہوئے دور مارکرنے والا راکٹ کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔

اس راکٹ کو شمالی کوریا کے مغربی ساحل سے مقامی وقت کے مطابق 9 بج کر 49 منٹ پر داغا گیا اور اطلاعات کے مطابق اس نے اپنے مقررہ راستے پر کامیابی سے سفر کیا ہے۔ شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ اس راکٹ کی مدد سے ایک سیارچے کو خلائی مدار میں پہنچا دیا گیا ہے۔


اقوام متحدہ، امریکا اور جاپان نے اس اقدام کو اشتعال انگیز قرار دیا ہے اور اس سے پیدا ہونیوالی صورتحال پر غور کیلیے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔ امریکا اور اس کے اتحادی ممالک شمالی کوریا کے اس اقدام کو مصنوعی سیارچے زمین کے گرد مدار میں چھوڑنے کی آڑ میں بیلسٹک میزائل کا تجربہ قرار دیتے ہیں۔



جاپانی حکومت کے ترجمان نے شمالی کوریا کے اس اقدام کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے دراصل بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ میں جاپان کے سفیر سونیونشیڈا نے نئی صورتحال پر غور کیلیے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کرنے کی تصدیق کی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے شمالی کوریا کے اقدام کو میزائل تجربہ قراردیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے۔
Load Next Story