قومی ٹیم کے لیے بیٹنگ کوچ کی تقرری مؤخرکر دی گئی

کنسلٹنٹ انضمام دورئہ جنوبی افریقہ کی بھی تیاری کرائینگے،وقار کیلیے دروازے کھلے ہیں

ماہر نفسیات پلیئرز کو ذہنی طور پر مضبوط بنائے گا،میرے لیے ہر پلیئرہی آفریدی ہے، ذکا فوٹو: اے ایف پی / فائل

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ذکا اشرف نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کیلیے بیٹنگ کوچ کی تقرری مؤخر کر دی۔

دورئہ بھارت اور جنوبی افریقہ کی تیاری کیلیے انضمام الحق کی خدمات حاصل ہونگی۔ مریدکے میں قومی ویمنز انڈر 19 ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ملکی یا غیر ملکی بیٹنگ کوچ منتخب کرنے کے حوالے سے بھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، دورۂ بھارت اور جنوبی افریقہ کی تیاری کیلیے انضمام بطور کنسلٹنٹ کام کرینگے تاہم اپنی مصروفیات کی وجہ وہ ٹیم کیساتھ نہیں جا سکیں گے، سابق کپتان کا تجربہ کھلاڑیوں کی خامیاں دور کرنے اور انھیں بہتر کارکردگی کیلیے تحریک دینے کا ذریعہ بنے گا۔


پلیئرز کو ذہنی طور پر مضبوط بنانے کیلیے ماہر نفسیات مقبول بابری بھی کیمپ میں موجود رہنے کے بعد ٹیم کیساتھ جائینگے۔ ذکا اشرف نے کہا کہ وقار یونس کی ملک کیلیے بڑی خدمات ہیں، وہ اگر پی سی بی کیساتھ کام کرنا چاہیں تو ہمارے دروازے کھلے ہیں تاہم فی الحال کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔ انھوں نے کہاکہ دورہ بھارت کیلیے سلیکٹرز اور مینجمنٹ نے مشاورت سے میرٹ پر ٹیم تشکیل دی، میں کسی کے کام میں کوئی مداخلت نہیں کرتا، میری نظر میں ہر کھلاڑی شاہد آفریدی ہے، جو بھی پرفارم کرے اسے ٹیم میں جگہ ملے گی، اگر کوئی ڈراپ ہوا تو اس کا مطلب ہے کہ وہ کسی خامی کی وجہ سے کارکردگی نہیں دکھا پا رہا۔



ایسے پلیئرز این سی اے میں خامیاں دور کریں، آفریدی ان دنوں برے دور سے گزر رہے ہیں، میں خود بھی ان کے کھیل سے لطف اندوز ہوتا رہا ہوں، سلیکٹرز نے ٹیم کو متوازن رکھنے کیلیے ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا،آل رائونڈر ٹوئنٹی20 اسکواڈ میں شامل کیے گئے ہیں، امید ہے پرفارم کرکے ون ڈے ٹیم میں بھی جگہ بنا لیں گے،مجموعی طور پر بہترین اسکواڈز منتخب کیے گئے، بھارت میں کھلاڑی عمدہ کارکردگی دکھائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ صدر اور وزیراعظم کا پروٹوکول الگ ہوتا ہے، حکومتیں سربراہان کو مدعو کرتی ہیں، تاہم دیگر اہم شخصیات سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلیے بھارت جانے کی درخواست کر دی ہے، 5 سال بعد ہونیوالی سیریز کے مقابلوں کا لوگ بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ لورگاٹ وسیع تجربہ کے حامل اور ہم ان کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

Recommended Stories

Load Next Story