جے وردنے دورئہ آسٹریلیا کے بعدقیادت چھوڑ دیں گے

ذمہ داری نائب کپتان انجیلو میتھیوز کے حوالے کرنے کا وقت آ گیا، سری لنکن اسٹار

سری لنکن کپتان مہیلا جے وردنے ٹریننگ سیشن کے دوران فٹبال سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

KARACHI:
مہیلا جے وردنے نے دورئہ آسٹریلیا کے بعد سری لنکا کی قیادت سے دستبرداری کا اعلان کر دیا۔

35سالہ بیٹسمین نے کہاکہ اب یہ ذمہ داری نائب کپتان انجیلو میتھیوز کے حوالے کرنے کا وقت آ گیا ہے،میں حالیہ سیریز کے بعد مزید فرائض انجام نہیں دینا چاہتا،امید ہے کہ مجھے دوبارہ کپتانی کے لیے نہیں کہا جائے گا۔ جے وردنے نے گزشتہ برس اکتوبر میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد مختصر طرز کی قیادت چھوڑ دی تھی، انھیں تلکارتنے دلشان کی جگہ رواں سال جنوری میں دوسری بار ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کاکپتان بنایاگیا تھا، انھیں یہ ذمہ داری ایک برس کیلیے سونپی گئی اور رواں سیریز کے اختتام پر معیاد مکمل ہو جائے گی، ہوبارٹ ٹیسٹ جے وردنے کے کیریئر کا 136 واں پانچ روزہ میچ ہو گا۔




انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ سری لنکا کو ایک نوجوان قیادت کی ضرورت ہے،سینئر کھلاڑیوں کی ٹیم میں موجودگی سے اسے مدد مل سکے گی،25 سالہ میتھیوز اچھے رہیں گے، ان کے بارے میں سب کا خیال ہے کہ وہ ہی کپتان ہوں گے،اگر میتھیوز کو ذمہ داری سونپی گئی تو قیادت کی منتقلی آسان رہے گی، ٹیم میں کمار سنگاکارا، دلشان اور میں موجود ہوں گے، سخت حالات میں ہم میتھیوزکی رہنمائی کرسکیں گے اور وہ اسی طرح سیکھے گا۔ یاد رہے جے وردنے ٹیسٹ کرکٹ میں 50.18 کی اوسط سے 10640 رنز اسکور کر چکے ہیں۔
Load Next Story