امریکا کی شام میں اسلحے کی فراہمی اندرونی معاملات میں مداخلت ہے ایران

امریکا اورعرب ممالک کا اپوزیشن گروپس کو عوام کا حقیقی نمائندہ ہونے کا درجہ دیناغلط ہے.

امریکی محکمہ خارجہ کا شام کے بارے میں روس کے موقف میں تبدیلی کا خیرمقدم . فوٹو: فائل

ایران کی نیشنل سیکیورٹی کونسل اور کمیٹی برائے خارجہ پالیسی کے ترجمان حسین نقوی حسینی نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے شام میں دہشتگرد اور اپوزیشن گروپس کو یکجا کرنا اور ان کو اسلحہ فراہم کرنا دوسرے ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔


اپنے جاری کردہ بیان میں انھوں نے کہا کہ امریکا اور کچھ عرب ممالک شام میں اپنی فوجیں بھیجنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ امریکا نے دہشتگرد گروپوں کی امداد میں اضافے کا اعلان کرکے ایک عرب ملک میں غیرقانونی مداخلت کا اقدام کیا ہے۔ شام میں دہشتگرد اور باغی گروپوں سے اسلحہ چھین کر ضبط کر لیا گیا ہے جو اسرائیل اور امریکا کا ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکا اورکچھ عرب ممالک شام میں اپوزیشن گروپس کو عوام کے حقیقی نمائندہ ہونے کا درجہ دے رہے ہیں جو غلط ہے۔ ادھر امریکا نے شام کے بارے میں روس کے موقف میں تبدیلی کا خیرمقدم کیا ہے۔ ایک روز قبل شام کے لیے خصوصی روسی نمائندے اور نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ملک کے ایک بڑے حصے پرصدر بشارالاسد کی انتظامیہ کاکنٹرول کمزور ہورہا ہے اور اپوزیشن کو کامیابی مل سکتی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی خاتون ترجمان وکٹوریہ نولینڈ نے جمعے کو معمول کی پریس بریفنگ میں بتایا کہ بالآخر روس نے صورتحال کا ادراک کرلیا ہے اورامریکا اس کا خیرمقدم کرتا ہے۔علاوہ ازیں نیٹو کے سربراہ آندرس فوگ راسموسین نے کہا ہے کہ شام کی حکومت کا خاتمہ قریب ہے۔ اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے نیٹو کے سربراہ نے حزب اختلاف کی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ عبوری حکومت تشکیل دینے کیلیے مذاکرات تیز کریں کیونکہ صدر بشار الاسد حکومت کا خاتمہ قریب ہے۔
Load Next Story