بھتہ مافیا کیخلاف سنجیدہ اقدامات کررہے ہیں کمشنر کراچی

سیکیورٹی وکیمروں کی تنصیب کے حوالے سے تاجر اتحاد کے وفد سے اجلاس میں گفتگو

سیکیورٹی وکیمروں کی تنصیب کے حوالے سے تاجر اتحاد کے وفد سے اجلاس میں گفتگو فوٹو: فائل

کمشنر کراچی سید ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں،تاجروں،صنعت کاروں اور عوام کو بھتہ اور پرچی و گولی مافیا سے نجات دلانے کے لیے صدر مملکت ، وزیراعظم ، گورنر سندھ اور وزیراعلی سنجیدگی سے اقدامات کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے کمشنر آفس میں سیکیورٹی اور سرویلنس کیمروں کے حوالے سے آل کراچی تاجر اتحاد کے نمائندہ وفد سے اجلاس کے موقع پر کیا،اجلاس میں آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر،جنرل سیکریٹری ایم شرجیل گوپلانی اور دیگر بھی موجود تھے۔




کمشنر کراچی نے اس موقع پر کہا کہ تاجروں اور صنعت کاروں کو اپنی حفاظت کے لیے پولیس تصدیق کے بعد اسلحہ لائسنس جاری کیے جائیں گے،گورنر سندھ کے خصوصی پیکیج کے تحت سیکیورٹی اور سرویلنس کیمروں کی مدد سے 60 کروڑ روپے کی لاگت سے کراچی کو ترجیحی بنیادوں پر مختلف سیکیورٹی زون میں تقسیم کیا جائے گا،تاکہ کراچی کے عوام ، تاجروں، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو بھتہ اور پرچی وگولی مافیا سے نجات دلائی جاسکے،جن مقامات پر سیکیورٹی اینڈ سرویلنس کیمرے لگائے گئے ہیں وہاں انتہائی مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور ان مقامات پر کرائم ریٹ نہ ہونے کے برابر پہنچ چکا ہے ان نتائج کو سامنے رکھتے ہوئے عوام ،تاجروں، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کی جان و املاک کی حفاظت کی خاطر پورے شہر کو کمپیکٹ سیکیورٹی زون میں تقسیم کیا جا رہا ہے، انھوں نے تاجروں کو ہدایت کی کہ وہ سیکیورٹی اینڈ سرویلنس کیمرے اپنی اپنی صوابدید پر خرید سکتے ہیں،کیمرے شہر کے مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم سے منسلک کیے جائیں گے ۔
Load Next Story