بینظیر بھٹوکی برسی پرلاڑکانہ میں جلسے کی تیاریوں کا آغاز

17دسمبر سے عوامی رابطہ مہم شروع ہوگی،شہر میں بڑے بڑے پوسٹرز آویزاں.

17دسمبر سے عوامی رابطہ مہم شروع ہوگی،شہر میں بڑے بڑے پوسٹرز آویزاں۔ فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی سندھ نے پارٹی کی چیئرپرسن شہید بینظیر بھٹو کی5ویں برسی کے موقع پر لاڑکانہ میں ہونے والے جلسہ عام کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔

کراچی سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں جلسہ کے حوالے سے بینرز اور بڑے بڑے پوسٹرز آویزاں کیے جارہے ہیں، جلسے کے حوالے سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کل ( پیر ) 17 دسمبر سے کیا جائے گا، تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر پیپلز پارٹی سندھ کے صدر و وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے تمام اضلاع کی پارٹی قیادت کو ہدایت کردی ہے کہ چیئرپرسن شہید بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر لاڑکانہ میں تاریخی جلسہ عام کی تیاریوں کا فوری آغاز کیا جائے۔




پارٹی قیادت کی ہدایت کے بعد کراچی،حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ،میرپورخاص سمیت تما م اضلاع میں جلسہ عام کی تیاریاں شروع کردی گئی ہے،شہر کی مختلف شاہراہوں اورعلاقوں میں جلسہ کے حوالے سے بینرز اور پینا فلیکس آویزاں کیے جارہے ہیں جن پر تحریر ہے کہ اس تاریخی جلسہ عام سے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری عوام سے اہم خطاب کرینگے،پیپلز پارٹی کی قیادت اس جلسہ میں عوام کی شرکت کو زیادہ سے زیادہ یقینی بنانے کے لیے 17دسمبر سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز بھی کررہی ہے اوراس مہم کے تحت لیاری سے یہ رابطہ مہم شروع کی جائے گی۔

کراچی کے علاوہ صوبے کے تمام دیگر اضلاع میں وارڈز اورضلعی سطح پرکارنر مٹینگز کا بھی انعقاد کیا جائے گا،پیپلز پارٹی کی صوبائی قیادت نے تمام اضلاع کے ضلعی صدور کو ہدایت کی ہے کہ وہ جلسہ میں عوام کی بھرپور شرکت کے لیے ٹرانسپورٹ، کھانے پینے کی اشیا کا انتظام بہترین انداز میں کریں،پارٹی قیادت نے سندھ سے تعلق رکھنے والے تمام ارکان پارلیمنٹ اور وزراکو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں زیادہ سے زیادہ وقت دیں اورعوام سے رابطوں میں رہیں۔
Load Next Story