نادہندہ شہریوں کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ منسوخ کردینگےمتانت علی

دسمبر کے آخری ہفتے میں کارروائی ہوگی، 107پلاٹ نیلامی کے لیے دستیاب ہیں.

قبضہ مافیا کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے،چیف آفیسر بلدیہ عظمیٰ

چیف آفیسر بلدیہ عظمیٰ کراچی متانت علی خان نے کہا ہے کہ مختلف اسکیموں، ٹائون شپس کے ڈی اے، سٹی گورنمنٹ کے تحت الاٹ شدہ پلاٹوں کے واجبات کی عدم ادائیگی کی صورت میں دسمبر کے آخری ہفتے میں ایسے پلاٹوں کی الاٹمنٹ منسوخ کردی جائے گی اور انھیں نیلام کردیا جائے گا۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران سرکاری اراضی پرغیرقانونی قبضے کی حوصلہ شکنی کریں اگر کوئی سرکاری ملازم یا افسر اس میں ملوث پایا گیا تو اس کیخلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی،ان خیالات کا اظہار انھوں نے سوک سینٹرکے کمیٹی روم میں ریکوری سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،چیف آفیسر نے کہا کہ ریکوری کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے اس وقت 107 رہائشی اورکمرشل پلاٹ نیلامی کیلیے دستیاب ہیں لہٰذا افسران ان پلاٹوں پر تجاوزات قائم نہ ہونے دیں۔




انھوں نے متعلقہ ٹائونز کے ایکسیئنز کو ہدایت کی کہ خالی سرکاری اراضی کی نشاندہی کریں تاکہ ان کی بھی نیلامی کرکے ریونیو حاصل کیا جائے ،انھوں نے تاکید کی کہ افسران دفتری اوقات کی پابندی کریں،اس موقع پر انھوں نے ڈائریکٹر انسداد تجاوزات کو ہدایت کی کہ شہر بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے، انھوں نے ڈائریکٹر ریکوری کے ڈی اے ونگ کو ہدایت کی کہ نان یوٹیلائیزیشن کی فیس کی مد میں جو 40 فیصد رعایت دی گئی ہے اس کی ادائیگی کی تاریخ میں مزید توسیع نہ کی جائے اور عدم ادائیگی کی صورت میں 31 دسمبر کے بعد اسے پلاٹوں کو نیلام کردیا جائے۔
Load Next Story