ٹریول ایجنسی کے منیجر اور اس کے بھائی کیخلاف مقدمہ درج

افتخار اور آصف بیرون ملک ملازمت پر بھجوانے کا جھانسہ دیکر درجنوں شہریوں سے لاکھوں روپے وصول کرکے ہضم کرچکے.

ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کو درجنوں شہریوں کی درخواستیں موصول ہوئی تھیں، ایک ملزم گرفتار۔ فوٹو: فائل

ایف آئی اے نے بیرون ملک ملازمت پر بھجوانے کا جھانسہ دیکر درجنوں شہریوں سے لاکھوں روپے وصول کرکے ہضم کرجانے والے ٹریول ایجنسی کے منیجر اور اس کے بھائی کیخلاف مقدمہ درج کرکے ایک ملزم کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔

لبیک ٹریول کا منیجر محمد افتخار دین اوراس کا بھائی محمد آصف دین کوریا، جاپان، کینیڈا اور بحرین میں ملازمت دلوانے کے عوض سادہ لوح افراد سے فی کس 8 سے 10 لاکھ روپے طلب کرتا تھا، تفصیلات کے مطابق میٹرو پول ہوٹل میں واقع لبیک ٹریول کے منیجر محمد افتخار اور اس کے بھائی محمد آصف کیخلاف ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کو درجنوں شہریوں کی جانب سے درخواستیںموصول ہوئی تھیں جن میں انکشاف کیا گیا تھا کہ دونوں بھائی طویل عرصے سے بیرون ملک ملازمت کے نام پر شہریوں سے رقوم وصول کررہے ہیں۔




ذرائع نے بتایا کہ دونوں بھائی خاص طور پر جنوبی کوریا، جاپان، کینیڈا اور بحرین میں ملازمت دلوانے کا وعدہ کرتے تھے اور اس کے عوض فی شہری 8 سے 10 لاکھ روپے طلب کیے جاتے تھے جبکہ بحرین کیلیے 2 سے 3 لاکھ روپے طلب کیے جاتے تھے، درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ بیروزگاری سے تنگ آکر غریب اور متوسط طبقے کے افراد اپنی جمع پونجی، بیوی کے زیور، آبائی گھر اور بیٹی یا بہن کیلیے بنائے جانے والے جہیز کو فروخت کرکے دونوں بھائیوں کو ایڈوانس رقوم کی ادائیگی کی تاہم کئی ماہ گزرجانے کے باوجود دونوں افراد نے نا تو مذکورہ افراد کو بیرون ملک ملازمت کا ویزا دلوایا اور نہ ہی ان کی رقم واپس کی، ایف آئی اے نے 14 سے زیادہ درخواستوں پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ ایک ملزم محمد آصف دین کو گرفتار کرلیا گیا تاہم افتخار دین عرف کاشف فرار ہوگیا ہے۔
Load Next Story