سندھ کے عوام دشمنوں اور دوستوں سے واقف ہیںپیر مظہر

شہریوں کو امن و تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،رفیق انجینئر۔

قومی و صوبائی اسمبلیوں میں اقلیتوں کی نشستوں میں اضافہ خوش آئند ہے، مکیش چائولہ۔ فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر اور سینئر وزیر تعلیم و خواندگی سندھ پیر مظہر الحق نے کہاہے کہ فنکشنل لیگ کے حیدرآباد کے جلسے میں حقائق کو توڑ موڑ کر پیش کیا گیا ہے اور غلط بیانی سے کام لیا گیا ہے۔

یہ بات انھوں نے اتوار میں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہی ،انھوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کو قوم پرست ، نواز شریف اور چند مخصوص عناصر نے وقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیں تاہم سندھ کے عوام اپنے دوستوں اوردشمنوں سے اچھی طرح واقف ہیں۔

علاوہ ازیںسندھ کے صوبائی وزیر برائے خصوصی تعلیم و آرکائیوز رفیق انجینئر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم کو پاکستان کے عوام نے مسترد کردیا ہے جبکہ پاکستان کے تین صوبائی اسمبلیوں نے ڈیم کی تعمیر کے خلاف متفقہ قراردادیں بھی منظور کرائی ہیں مگر کچھ سیاسی حلقے ڈیم کے مسئلے پر اپنی سیاست کر رہے ہیں جنھیں عوام بہت قریب سے جانتی ہے، شہریوں کو امن و تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔




دریں اثنا اپنے کیمپ آفس میں اقلیتوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چائولہ نے کہا ہے کہ دور آمریت میں قومی و صوبائی اسمبلیوں برائے اقلیتوں کے لیے نشستوں میں اضافہ نہیں کیا گیا تھا لیکن موجودہ جمہوری حکومت نے اقلیتوں کے مسائل کا اندازہ کرتے ہوئے ایک آئینی بل کے ذریعے اقلیتوں کی نشستوں میں اضافے کی منظوری دی ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ وفاقی کابینہ نے ایک آئینی بل کی منظوری دی ہے، اس آئینی بل کے ذریعے قومی اسمبلی کے لیے اقلیتوں کی نشستوں کو 10 سے بڑھا کر 14،سندھ میں 9سے بڑھا کر 12، پنجاب میں 8سے بڑھا کر 10، خیبر پختونخواہ میں 3سے بڑھا کر 4 اور بلوچستان اسمبلی میں 3 سے بڑھا کر 4نشستیں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
Load Next Story