شامی فضائیہ کی فلسطینی مہاجر کیمپ پر بمباری سے 25 افراد جاں بحق

واقعےکے بعدانٹرنیٹ پرجاری وڈیو میں بمباری کانشانہ بننےوالی مسجدکی سیڑھیوں پرہر جگہ خون اور انسانی اعضا بکھرے پڑے ہیں.

حکومت کے خلاف برسرپیکار التوحید بریگیڈ کا ملک کے دوسرے بڑے شہر حلب میں شامی فوج کے انفینٹری بیس پر قبضے کا دعویٰ. فوٹو: اے ایف پی

شامی فوج کے جنگی طیاروں نے دارالحکومت دمشق میں فلسطینیوں کے ایک مہاجر کیمپ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں کم از کم 25 افراد جاں بحق ہوگئے۔

دوسری جانب شامی باغیوں نے ملک کے دوسرے بڑے شہر حلب میں ایک انفینٹری بیس پر قبضے کا دعویٰ کیا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق شام کی سرکاری فوج کے جنگی طیاروں نے اتوار کو دارالحکومت دمشق میں واقع فلسطینی پناہ گزین کے یرموک کیمپ کو بمباری کا نشانہ بنایا۔ رپورٹس کے مطابق بمباری کے نتیجے میں علاقے کی ایک مسجد میں پناہ لینے والے25افراد جاں بحق ہوگئے۔




واقعے کے بعد انٹرنیٹ پر جاری ایک وڈیو میں بمباری کا نشانہ بننے والی مسجد کی سیڑھیوں پر ہر جگہ خون اور انسانی اعضا بکھرے پڑے ہیں۔ یاد رہے کہ دارالحکومت دمشق کے مشرق اورجنوب مغربی نواح تک پھیلے ہوئے فلسطینی پناہ گزینوں کے اس یرموک کیمپ میں ایسے50 ہزار فلسطینی شہریوں کی زیادہ تر تعداد رہائش پذیر ہے جو شام میں آباد ہیں۔ علاوہ ازیں شامی حکومت کے خلاف برسرپیکار التوحید بریگیڈ نے، جو حزب اختلاف کا سب سے بڑا گروپ ہے، دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جنگجوئوں نے شمالی شہر میں فوج کے ایک انفینٹری بیس پر قبضہ کرلیا ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story