امریکا کا صدارتی معرکہ

امریکا میں صدارتی الیکشن کی جاری انتخابی مہم ختم ہو چکی ہے اور آج پولنگ کا عمل شروع ہو جائے گا

۔ فوٹو: سوشل میڈیا

امریکا میں صدارتی الیکشن کی جاری انتخابی مہم ختم ہو چکی ہے اور آج پولنگ کا عمل شروع ہو جائے گا' رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق ڈیمو کریٹک پارٹی کی صدارتی امید وار ہلیری کلنٹن کو اپنے حریف ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر معمولی برتری حاصل ہے تاہم ڈونلڈ ٹرمپ بھی انتخابی مہم کے آخری ایام میں خاصا آگے آئے ہیں لہٰذا کسی امید وار کی جیت کے بارے میں کوئی حتمی رائے دینا قبل از وقت ہو گا۔ بہر حال اگر ہلیری الیکشن میں کامیاب ہوتی ہیں تو یہ امریکا کی تاریخ میں ایک نئے انقلاب سے کم نہیں ہو گا' وہ امریکی تاریخ میں پہلی خاتون صدر بن جائیں گی۔

بہر حال امریکا کے صدارتی الیکشن پر پوری دنیا کی نظریں لگی ہوئی ہیں ' تمام ممالک کے پالیسی کی ساری توجہ اس امر پرمرکوز ہے کہ بارک اوباما کے بعد امریکا کا صدر کون ہو گا اور نئے صدر کی ٹیم کیسی ہو گی اور اس کی دنیا کے لیے کیا پالیسیاں ہوں گی۔ پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہے جہاں امریکی پالیسیوں کے گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ حالیہ برسوں میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں خاصی اونچ نیچ دیکھنے میں آئی ہے۔


اوباما انتظامیہ کے دور میں پاکستان کو ایف 16طیاروں کی فراہمی نہیں ہو سکی اور طیاروں کی مد میں امداد نہ مل سکی' دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے بھی دونوں ملکوں کی ترجیحات میں فرق ہے' بھارت اور افغانستان کے حوالے سے امریکی پالیسی بھی پاکستان اور امریکا کے درمیان ایک مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ چین کے ساتھ تعلقات اور سی پیک بھی ایک ایشو ہے۔

ایسے حالات میں پاکستان کے پالیسی سازوں کے لیے یہ بات بڑی اہم ہے کہ امریکا کا اگلا صدر کون ہو گا' اگر ہلیری کلنٹن جیتتی ہیں تو پھر شاید معمولی ترمیم و اضافے کے ساتھ اوباما کی پالیسیاں ہی جاری رہیں البتہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت کی صورت میں صورتحال مختلف ہو سکتی ہے۔

ری پبلکن پارٹی کے ادوار میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات قدرے بہتر رہے ہیں' بہر حال اب زیادہ انتظار نہیں ہے۔ سب کو پتہ چل جائے گا کہ امریکا کا نیا صدر کون ہو گا۔ پاکستان کو دونوں شخصیات اور ان کی پارٹی پالیسیوں کو سامنے رکھ کر اپنی ترجیحات طے کر لینا چاہیے تاکہ جو بھی امریکا کی صدارت کے منصب پر فائز ہو' اس کے ساتھ پاکستان کے اچھے تعلقات قائم ہو سکیں۔
Load Next Story