ایکسپریس کا اعزاز کیپری گروپ کی سرگرمیوں کی خبر ستمبر میں شائع کرچکا

اس وقت ملزم پر 7 کیسز تھے جس میں وہ ضمانت پر رہا ہوگیا تھا ۔

ایکسپریس کا اعزاز: کیپری گروپ کی سرگرمیوں کی خبر ستمبر میں شائع کرچکا ۔ فوٹو : ایکسپریس

سی ٹی ڈی پولیس کے ہاتھوں لیاقت آباد سے گرفتار کیا جانے والا ملزم عاصم عرف کیپری اس سے پہلے بھی گرفتار کیا جا چکا ہے۔

روزنامہ ایکسپریس اس سے قبل رواں سال 26 سمتبر کو یہ خبر شائع کر چکا ہے کہ عاصم کیپری کا گروپ ضلع وسطی اور ضلع غربی میں فرقہ ورانہ ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث ہے۔ سال 2013 میں ایس پی چوہدری اسلم نے اسے گرفتار کرنے کے بعد 11 جولائی کو پریس کانفرنس کی تھی اور بتایا تھا کہ اورنگی ٹاؤن میں کارروائی کے دوران ملزم عاصم عرف کیپری کو رکن اسمبلی ساجد قریشی اور ان کے بیٹے وقاص قریشی کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔




پریس کانفرنس میں چوہدری اسلم کا کہنا تھا کہ ملزم کے ساتھیوں طحہ ، کاظم ، عبید الرحمن اور شہاب کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ملزمان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحے کی برآمدگی بھی ظاہر کی گئی تھی۔ عاصم کیپری اور اس کے ساتھیوں پر اس وقت پروفیسر سبط جعفر ، ماہر تعلیم اظفر رضوی ، پولیس اہلکاروں اور دیگر کئی افراد کے قتل میں ملوث ہونے کا بتایا گیا تھا ، اس سلسلے میں ایکسپریس کے رابطہ کرنے پر انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب نے بتایا کہ ملزم عاصم کو 8 مئی 2014 کو کراچی جیل سے سکھر جیل منتقل کیا گیا تھا اور 20 مارچ 2015 کو سکھر جیل سے ضمانت پر رہا ہوا ، اس وقت ملزم پر 7 کیسز تھے جس میں وہ ضمانت پر رہا ہوگیا تھا ۔

Load Next Story