گورنر سندھ جنوری میں لاکالج لانڈھی کا افتتاح کرینگے

حکومت اعلیٰ تعلیم کے پھیلاؤ ومعیاری تدریس پرتوجہ دے رہی ہے، گورنر سندھ عشرت العباد

جنوری میں کالج کے فعال ہونے کے ساتھ اس میں بی اے ( لا) ، ایل ایل بی اور ایل ایل ایم کی کلاسز کا آغاز ہوجائے گا۔ فوٹو: فائل

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان جنوری کے پہلے ہفتے میں لانڈھی لاکالج کا افتتاح کریں گے۔


سرکاری شعبے میں قائم ہونیوالے کالج کے معاملات کو حتمی صورت دینے کیلیے گورنر سندھ کی صدارت میں گورنر ہائوس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں رکن قومی اسمبلی آصف حسنین ، جامعہ کراچی کے ڈین فیکلٹی آف لاجسٹس (ر) قاضی خالد علی، رکن صوبائی اسمبلی سید خالد احمد اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، اس موقع پر گورنر نے لانڈھی لا کالج کیلیے 6 کروڑ روپے کی ابتدائی گرانٹ کا اعلان بھی کیا۔

جنوری میں کالج کے فعال ہونے کے ساتھ اس میں بی اے ( لا) ، ایل ایل بی اور ایل ایل ایم کی کلاسز کا آغاز ہوجائے گا، جامعہ کراچی نے لاکالج کے قیام کے سلسلے میں منظوری دے دی ہے جبکہ کالج کا الحاق کراچی میں قائم ہونے والی ملک کی پہلی لا یونیورسٹی سے ہوگا، گورنر نے کہا کہ لانڈھی میں لاکالج کے قیام سے لانڈھی اور متصلہ علاقوں کے طلبہ و طالبات کو قانون کی تعلیم حاصل کرنے میں سہولت حاصل ہوگی، انھوں نے کہا کہ حکومت اعلیٰ تعلیم کے پھیلائو اور اس ضمن میں معیاری تدریس و تحقیق پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔
Load Next Story