کابینہ کی خصوصی کمیٹی نے چیئرمین نیب کو طلب کرلیا

چیئر مین نیب کا مؤقف سننے کے بعد لائحہ عمل طے کیا جائے گا، فاروق نائیک

کمیٹی نے بدعنوانی کے بارے چیئر مین نیب کے حالیہ بیانات اور دیگر رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد چیئر مین نیب کا مؤقف سننے کا بھی فیصلہ کیا۔ فوٹو اے ایف پی

کرپشن کے خاتمے کے لیے کابینہ کی خصوصی کمیٹی نے چیئرمین نیب کا مؤقف سننے کے لیے آج طلب کر لیا۔کرپشن کے خاتمے کے لیے قائم کابینہ کی خصو صی کمیٹی کا پہلا باضابطہ اجلاس پیر کو وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک کی سربراہی میں ہوا۔

ا جلاس میں وفاقی وزرا قمر زمان کائرہ، خورشید شاہ اور حفیظ شیخ کے علاوہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین ندیم افضل چن نے بھی شرکت کی۔ کمیٹی نے بدعنوانی کے بارے چیئر مین نیب کے حالیہ بیانات اور دیگر رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد چیئر مین نیب کا مؤقف سننے کا بھی فیصلہ کیا ،جس کے بعد قومی احتساب بیورو کی جانب سے پیش کردہ کرپشن کے اعدادوشمار کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں سیکیورٹیز اینڈایکسچینج کمیشن آف پاکستان، مسابقتی کمیشن اور چارٹرڈ اکاونٹنٹس نے بھی شرکت کی اور ملک میں کرپشن کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی۔کابینہ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس روزانہ کی بنیاد پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔




تمام تفصیلات جمع کرنے کے بعد کرپشن کے خاتمے کے لیے تجاویز مرتب کی جائیں گی جنھیں وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا ، بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ چیئر مین نیب کا مؤقف سننے کے بعد لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔وفاقی وزیر اطلاعات قمرزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پنجاب سمیت تمام اینٹی کرپشن اداروں کے سربراہوں کو بلایاجائے گا۔واضح رہے کہ چیئر مین نیب ایڈمرل ریٹائر فصیح بخاری نے حکومتی اداروں میں یومیہ7 سے 8 ارب روپے کرپشن کا الزام لگا یا تھا جس پر وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے وزیرقانون فاروق نائیک کی سربراہی میں کابینہ کی 4 رکنی خصوصی کمیٹی قائم کر دی تھی ۔
Load Next Story