افغانستان امریکی کمپنی پر کار بم حملہ بارودی سرنگ پھٹنے سے10بچیاں ہلاک

بارودی سرنگ پھٹنے کاواقعہ گائوں دولت زئی میں پیش آیا،4زخمی بچیوںکی حالت نازک،جنگل سے لکڑیاں اکٹھی کررہی تھیں

کار بم حملہ کابل میں ہوا، ایک شخص ہلاک،15 زخمی، طالبان نے ذمے داری قبول کرلی، بتا نہیں سکتے ریموٹ تھا یاخودکش حملہ،پولیس چیف فوٹو فائل

افغانستان میں بارودی سرنگ پھٹنے سے 10 بچیاں ہلاک اور4 شدید زخمی ہوگئیں جبکہ کا بل میں امریکی کمپنی پرکار بم حملے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 15افراد زخمی ہوگئے ۔

گائوں دولت زئی میں زخمی ہونے والی چاروں بچیوں کواسپتال منتقل کردیاگیا جہاںان کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ بارودی سرنگ کا نشانہ بننے والی لڑکیاں جنگل سے لکڑیاں اکٹھی کر رہی تھیں۔ طالبان نے کابل میں امریکی کمپنی پرحملے کی ذمے داری قبول کر لی ہے۔ امریکی کمپنی کو افغان فوج کے لیے سپلائی فراہم کرنے کا ٹھیکہ ملاہوا تھا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان حکام نے بتایاکہ بارودی سرنگ پھٹنے کا واقعہ ضلع چھپرہارصوبہ ننگرہارکے گائوں دولت زئی میں رونما ہوا۔ لڑکیوں میں سے ایک کی کلہاڑی بارودی سرنگ سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں دھماکا ہوا اور11 بچیاں موقع پرہی ہلاک ہوگئیں۔




حکام کا کہنا تھا کہ مرنے والی بچیوں میں سے زیادہ تر کی عمریں9 سے 11 برس کے درمیان تھیں۔خبررساں ادارے کے مطابق کابل پولیس نے بتایا کہ کار بم دھماکا جلال آباد روڈ پر واقع ایک بڑے کمپائونڈ میں ہواجوافغان فوج کے لیے سپلائی فراہم کرنے والی امریکی کمپنی کی ملکیت ہے،کمپانڈ کے احاطے میں سڑک تک ایک بڑے دھماکے کے آثار نظر آرہے ہیں۔

تاہم فوری طور پردھماکے کی نوعیت معلوم نہ ہوسکی نیٹو فورسز کے ترجمان نے دھماکے کی تصدیق کی ہے اورکہا کہ یہ دھماکا نیٹو کے کیمپ فونکس میں نہیں ہوا۔ کمپنی کے سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زخمیوں میں 5امریکی اور افریقی شامل ہیں جبکہ 15سے 20افغان باشندے بھی زخمی ہوئے۔کابل پولیس کے سربراہ محمد ایوب سا لانگی نے کہا کہ ہم یہ نہیں بتا سکتے کہ کار میں کوئی شخص تھا یا اسے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اڑایا گیا تاہم دھماکا طاقتوردھماکا خیزموادکاتھا۔
Load Next Story