سرد موسم آتے ہی مختلف امراض کی دوائیں مہنگی

نزلہ، زکام،الرجی،کھانسی کے شربت،بخار، پٹھوں کے درد سمیت بیشترامراض کی دوائیں غیراعلانیہ طور پرمہنگی فروخت کی جانے لگیں

بچوں اور ضعیف افراد اور حاملہ خواتین کواحتیاط کی ضرورت ہوتی ہے، ماہرین طب۔ فوٹو:فائل

کراچی میں موسم کی تبدیلی کی وجہ سے بیشتر دواؤں کی طلب بڑھ گئی ہے ،حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ،مارکیٹ میں سرد موسم میں استعمال کی جانیوالی نزلہ، زکام ،الرجی، کھانسی کے شربت، بخار، پٹھوں کے درد سمیت بیشتر امراض کی دوائیں غیر اعلانیہ طور پر مہنگے داموں فروخت کی جارہی ہیں، مارکیٹ میں پیناڈول، شربت ایکٹی فائیڈ پی، خواتین میں دوران حمل استعمال کی جانے والی فولک ایسیڈ، زینکس اورایفی ڈرین کیمیکل سے تیارکی جانے والی دوائیں بھی مہنگی کردی گئی ہیں۔


تفصیلات کے مطابق کراچی سرد موسم شروع ہوتے ہی نزلہ، فلو، زکام،الرجی، دمہ ، بخار،بچوں کی کھانسی کے شربت مارکیٹ میں مصنوعی قلت پیدا کی جارہی ہے جبکہ بعض مقامات پر یہ دوائیں مہنگے داموں فروخت کی جارہی ہیں، ادویات مارکیٹ کے ذرائع کے مطابق شہر میں سرد موسم شروع ہوتے ہی مذکورہ دواؤں کی طلب بڑھ جاتی ہے کیونکہ سرد موسم میں نزلہ، زکام، کھانسی، بالخصوص بچوں کے کھانسی ونزلے اورالرجی کے مسائل میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوجاتا ہے اس لیے سرد موسم میں استعمال کی جانے والی دواؤں کی قیمتیں خاموشی سے بڑھادی جاتی ہیں بیشتر دواؤں کی مارکیٹ میں مصنوعی قلت پیدا کی جاتی ہے اور پھر دوائیں مہنگے داموں فروخت کی جاتی ہیں۔

ماہرین طب کا کہنا ہے کہ موسم کی تبدیلی کے وقت مختلف امراض جنم لیتے ہیں سرد اورخشک موسم میں گلے کے امراض ،نزلہ، فلو، زکام،الرجی جبکہ دمہ کا مرض تیزی سے جنم لیتا ہے سرد موسم شروع ہوتے ہی سب سے زیادہ بچے متاثر ہوتے ہیںبچوں میں نزلہ، زکام،کھانسی،مختلف اقسام کی الرجی اوربخارکے مسائل رپورٹ ہوتے ہیں، سرد موسم میں بچوںکے ساتھ لاپروائی برتنے سے مختلف امراض کی پیچیدگیاں بھی جنم لیتی ہے لہٰذا سرد موسم کی تبدیلی کے وقت بچوں اور ضعیف العمر افرادکے ساتھ حاملہ خواتین کو بہت زیادہ احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔


ان ماہرین کا کہنا تھاکہ بیماریوں کے 2 موسم ہوتے ہیں موسم کی تبدیلی کے وقت مختلف امراض جنم لیتے ہیں سرد موسم میں ہوا میں نمی کاتناسب بہت کم ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے گرد آلود ہواؤں سے گلے، ناک کی الرجی جیسے سنگین مسائل جنم لیتے ہیں سمیت دیگر امراض لاحق ہوتے ہیں۔

ماہرین کاکہنا تھا کہ نزلہ، الرجی، فلو یہ وہ امراض ہوتے ہیں جو ایک سے دوسروں میں باآسانی منتقل ہوجاتے ہیں اور صحت مند افرادکو بھی اپنی لیپٹ میں لے لیتے ہیں یہ امراض سب سے زیادہ بچوں کومتاثرکرتے ہیں جس کا شکار والدین بھی ہوجاتے ہیں، ماہرین نے کہاکہ خشک اور سرد موسم میں سادا پانی زیادہ پیا جائے اور کھٹی اور ٹھنڈی اشیا سے اجتناب کیا جائے اس سے گلے خراب، خراشیں ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے بخارہوتا ہے اوریہ انفیکشن کا باعث بنتا ہے،سرد موسم شروع ہوتے ہی مختلف امراض جنم لیتے ہیں۔

 
Load Next Story