ملک عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا منتظر ہےغوث علی شاہ

کراچی دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہے،سندھ حکومت کرپٹ وزرا کا ٹولہ ہے،اسماعیل راہو.

کراچی دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہے،سندھ حکومت کرپٹ وزرا کا ٹولہ ہے،اسماعیل راہو۔ فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر سید غوث علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ سمیت پورا پاکستان بے چینی سے عبوری حکومت اور عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا منتظر ہے۔

حکومت ایسے حالات کی منتظر ہے جس کی آڑ لے کر عام انتخابات میں تاخیر کر سکے،وہ گزشتہ روزصوبائی رہنمائوں سے پارٹی امور پر گفتگو کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ پاکستان کمزور حکمرانی کے ایسے شکنجے میں پھنس چکا ہے جس سے بلا تاخیر چھٹکارا نہ پایا گیا تو خدانخواستہ کوئی بڑا سانحہ ہو سکتا ہے،حکمران مسلم لیگ (ن) کی بڑھتی مقبولیت اور عام انتخابات میں اپنی واضح شکست دیکھ کر ملک سے فرار کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔




دریں اثنا پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے میڈیا کوآرڈینیٹر اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ سندھ حکومت میں کرپٹ وزرا کا ٹولہ بیٹھا ہوا ہے،جسے کسی بات کی پروا ہی نہیں ہے،کراچی کو بے رحم دہشت گردوں کے سہارے چھوڑ دیا گیا ہے،وہ منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر سلیم ضیا ، عرفان اللہ مروت ، زین انصاری ، امداد چانڈیو ، شفیع محمد جاموٹ ، نہال ہاشمی اور دیگر موجود تھے، اسماعیل راہو نے کہا کہ پیپلز پارٹی میاں نوازشریف کی مقبولیت سے خوفزدہ ہے،انھیں نواز شریف فوبیا ہوگیا ہے،سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن مسلم لیگ ن کے رہنما میاں نواز شریف کے خلاف بیانات دے کر سستی شہرت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
Load Next Story