جیولری لانے نہ دینے پر 25 بھارتی تاجروں کا دورہ پاکستان منسوخ

منفی فہرست میں شمولیت کے باعث گولڈ جیولری کی نمائش کی اجازت سے انکار

کراچی ایکسپو سینٹر میں 21 سے 23 دسمبر کو ہونے والی انڈین ایکسپو نمائش میں 100 کے لگ بھگ تاجر شرکت کررہے تھے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
پاکستان اور بھارت کے تجارتی تعلقات میں منفی فہرست ایک بار پھر آڑے آگئی۔

پاکستانی حکام نے جیم اینڈ جیولری سیکٹر کے بھارتی تاجروں کو پاکستان میں سونے اور قیمتی پتھروں کی جیولری کی نمائش کی اجازت دینے سے انکار کردیا جس پر 25 بھارتی تاجروں نے کراچی میں ہونے والی انڈین ایکسپو میں شرکت کیلیے دورہ منسوخ کردیا ہے۔ کراچی ایکسپو سینٹر میں 21 سے 23 دسمبر کو ہونے والی انڈین ایکسپو نمائش میں 100 کے لگ بھگ تاجر شرکت کررہے تھے جن میں 25 جیم اینڈ جیولری سیکٹر کے تاجر شامل تھے جنہوں نے اپنا دورہ پاکستانی حکام کی جانب سے ایگزی بیشن کیلیے جیولری لانے کی خصوصی اجازت نہ ملنے پر منسوخ کردیا ہے اور اب صرف 65 بھارتی تاجر ہی کراچی پہنچ رہے ہیں۔

بھارتی تاجروں نے ہائی کمیشن کے ذریعے پاکستانی حکام سے جیولری کی نمائش کی اجازت طلب کی تھی تاہم پاکستانی حکام نے پاکستان کی مقامی جیم اینڈ جیولری کی صنعت کے تحفظات اور سونے کے زیورات کی منفی فہرست میں شمولیت کو جواز بناکر اجازت دینے سے انکار کردیا۔




بھارتی جیم اینڈ جیولری ایکسپورٹ پرموشن کونسل کے تحت رواں سال فروری کے دوران لاہور میں ہونے والے انڈین شو میں 17 سے زائد بھارتی جیم اینڈ جیولری کے ایکسپورٹرز اور مینوفیکچررز نے شرکت کی تھی اور اس موقع پر بھارتی جیم اینڈ جیولری کی فروخت کی بھی اجازت تھی تاہم پاکستانی حکام نے اس مرتبہ جیم اینڈ جیولری کی نمائش اور فروخت کی اجازت دینے سے انکارکردیا ہے۔

ادھر دونوں ملکوں میں ویزا پالیسی نرم کیے جانے اور تاجروں کو پولیس رپورٹنگ سے مستثنیٰ ویزا معاہدے کا اطلاق ہونے کے باوجود ایکسپو سینٹر میں 21 سے 23 دسمبر منعقد ہونے والی بھارتی مصنوعات کی پہلی سولو نمائش میں شرکت کرنے والے 65 تاجروں میں سے 25 تاجروں کو آخری وقت میں ویزا ملا اور ویزے کے حصول کیلیے درکار این او سی بھی تاخیر سے جاری کی گئی ہے جس سے تاجر برادری میں تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے کیلیے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں خدشات بڑھ گئے ہیں۔
Load Next Story