شعیب ڈانس شو میں شرکت کیلیے بھارت چلے گئے

اہم سیریز کی تیاریوں کو ادھورا چھوڑ دیا، پیشگی اجازت لی تھی، کرکٹ بورڈ

ممبئی: ’’نچ بلیئے‘‘ کے سلسلے میں تقریب کے موقع پر شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کا خصوصی پوز۔ فوٹو : فائل

شعیب ملک اہم سیریز کی تیاریوں کو ادھورا چھوڑ کرڈانس شو میں شرکت کیلیے بھارت چلے گئے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس کیلیے انھوں نے پیشگی اجازت لی تھی، شعیب اہلیہ ثانیہ مرزا کے ساتھ 'نچ بلیے' میں بطور مہمان جوڑی شریک ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق شعیب ملک کو اہم دورئہ بھارت کیلیے پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، منگل کے روز وہ اینٹی کرپشن کے حوالے سے خصوصی لیکچر اور پھر بدھ کو ون ڈے پریکٹس میچ میں بھی شریک نہیں ہوئے۔

اس حوالے سے ابتدا میں یہی کہا گیا کہ وہ نجی کام میں مصروف ہیں مگر نمائندہ '' ایکسپریس'' کو علم ہوا کہ شعیب تو دراصل ڈانس شو ''نچ بلیئے'' کیلیے بھارت گئے ہوئے ہیں، جب اس بارے میں پی سی بی ترجمان سے استفسار کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ آل رائونڈر نے پڑوسی ملک جانے کیلیے پیشگی اجازت لی ہوئی تھی، وہ جمعرات کو واپس آجائیں گے، ویسے بھی منگل کو آرام کا دن اور بدھ کے روز ون ڈے پریکٹس میچ کھیلا گیا، شعیب کا نام تو صرف ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں ہے۔




یاد رہے مختصر طرز کے اسکواڈ میں شامل شاہدآفریدی، احمد شہزاد اور سہیل تنویر بدھ کے مقابلے میں ایکشن میں نظر آئے۔ دریں اثنا شعیب ملک اور ثانیہ مرزا ایک بھارتی ٹی وی چینل کے ڈانس ریالٹی شو' نچ بلیئے' کے سیزن پانچ میں بطور مہمان جوڑی حصہ لے رہے ہیں، ثانیہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس پروگرام میں بطور مہمان جوڑی شریک ہونے پر بہت خوش ہیں، ہم نے بہت زیادہ ریہرسل کی، اس سے قبل ہم نے اپنی شادی کے موقع پر 'سنگیت' کی محفل کیلیے بھی ڈانس کی کافی تیاری کی تھی۔

مجھے تال سے تال ملانے اور اسٹپس یاد رکھنے میں تھوری دشواری ہوتی ہے لیکن میرے خیال میں ہم نے اچھا کام کیا اور بیوقوف دکھائی نہیں دے رہے تھے، میں تو شرمیلی ہوں مگر شعیب ملک ایک بہترین رقاص اور ڈانس کو بہت پسند کرتے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ ہم اس شو میں مہمان جوڑی حصہ لے رہے ہیں، اگرچہ ہمارا پیشہ کھیلنا ہے مگر ہمیں یہاں پر بھی آکر کافی خوشی محسوس ہورہی ہے، ہم یہاں پر مختلف کام کررہے مگر آپ سب کو یقین دلاتی ہوں کہ سب کو ہم سے بہت کچھ دیکھنے کو ملے گا۔

شعیب ملک نے کہا کہ میری پوری توجہ اپنی پرفارمنس پر ہے، مجھے یقین ہے کہ ہم اچھی کارکردگی پیش کریں گے، کرکٹ میرا جنون ہے مگر اس وقت ڈانس میں بھی ہم اپنی پوری مہارت دکھا رہے ہیں۔
Load Next Story