جی سی سی میڈیکل سینٹرز اورگیمکاپر45 کروڑجرمانہ عائد
مسابقتی کمیشن کا اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن کی شکایت پر فیصلہ. فوٹو جمال خورشید
مسابقتی کمیشن آف پاکستان(سی سی پی) نے مسابقتی قوانین کی خلاف ورزی پر 5 جی سی سی منظور شدہ میڈیکل سینٹرز ایڈمنسٹریشن آفسز (گیمکا) اور20 جی سی سی میڈیکل سینٹرزکو 45 کروڑ جرمانہ عائد کردیا ہے۔ مسابقتی کمیشن آف پاکستان سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ جی سی سی میڈیکل سینٹرز ایڈمنسٹریشن آفسز کو ایک کروڑ روپے فی کس جبکہ جی سی سی میڈیکل سینٹرز کو 2 کروڑ روپے فی کس کے حساب سے جرمانہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق مسابقتی کمیشن آف پاکستان کی چیئر پرسن راحت کونین حسین، ممبر سی سی پی عبد الغفار اور ڈاکٹر جوزف ولسن پر مشتمل خصوصی بنچ نے 5 جی سی سی منظور شدہ میڈیکل سینٹرز ایڈمنسٹریشن آفسز(گیمکا) اور20 جی سی سی میڈیکل سینٹرزپر 45 کروڑ جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ دیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق مذکورہ میڈیکل سینٹرز اور میڈیکل سینٹرز ایڈمنسٹریشن آفسز کے خلاف کیس کی سماعت اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن کی شکایت پر شروع کی گئی تھی،
اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن نے الزام عائد کیا تھا کہ مذکورہ میڈیکل سینٹرز نے ملک بھر میں ایک جیسی فیس مقرر کررہے ہیں اور آپس میں مارکیٹ تقسیم کررکھی ہے جو مسابقتی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ اعلامیے کے مطابق مذکورہ بنچ نے جی سی سی میڈیکل سینٹرز اور جی سی سی میڈکل سینٹرز ایڈمنسٹریشن آفسز کی طرف سے ملک میں یونیفائڈ فیس مقرر کرنے اور مارکیٹ تقسیم کرنے کے حوالے سے پیش کردہ موقف اور جواز کو مسترد کردیا ہے اور مسابقتی قوانین کی خلاف ورزی پر 20 جی سی سی میڈیکل سینٹرز کو 2کروڑ روپے فی کس جبکہ 5 جی سی سی منظور شدہ میڈیکل سینٹرز ایڈمنسٹریشن آفسز(گیمکا) کو ایک کروڑ روپے فی کس کے حساب سے جرمانہ کردیا ہے اور اس کے ساتھ یہ بھی فیصلہ دیاکہ فوری طور پر مسابقتی قوانین کی خلاف ورزی چھوڑ دیں اور مارکیٹ کی تقسیم ختم کریں، اس کے ساتھ ہی ایک جیسی فیس مقرر کرنے کی پریکٹس بھی ختم کی جائے بصورت دیگر جی سی سی میڈیکل سینٹرز اور جی سی سی میڈیکل سینٹرز ایڈمنسٹریشن آفسز کو 50 ہزار روپے یومیہ کے حساب سے اضافی جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔